پاکستان اسٹیل کے قریب صنعتیں لگانے کا جائزہ لیا جائے سی ای او کراچی چیمبر کا دورہ

پاکستان اسٹیل گزشتہ 5سال سے مشکلات سے دوچار ہے لیکن اب تمام امور درست سمت کی جانب گامزن ہیں، ظہیراحمد

پاکستان اسٹیل گزشتہ 5سال سے مشکلات سے دوچار ہے لیکن اب تمام امور درست سمت کی جانب گامزن ہیں، ظہیراحمد فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمیجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان نے کہا ہے کہ اسٹیل ملز کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کی کوششیں جاری ہیں اور اپریل2015تک پیداواری صلاحیت 77فیصد پہنچ جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس میں کہی، اس موقع پربزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے وائس چیئرمین و سابق صدرکراچی چیمبر زبیر موتی والا، صدرچیمبر افتخار احمد وہرہ، سینئر نائب صدرمحمد ابراہیم کوسمبی، مجید عزیز، اے کیو خلیل اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔سی ای او پاکستان اسٹیل نے کہا کہ ادارے کو منافع بخش بنانے کے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں اور موجودہ مالی پیکیج کی مدد سے خام مال کی مستقل سپلائی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی بھی وضع کی گئی ہے۔ انہوں نے کراچی چیمبرسے تعاون طلب کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان اسٹیل کو برابری کی سطح پر مواقع کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت کوقائل کرے، اگر آج پاکستان اسٹیل کھو دیا تو ہم اس شاہکارکو دوبارہ حاصل نہیں کر پائیں گے۔


انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بیل آؤٹ پیکیجز کی بروقت فراہمی نہ ہونے اور موثر طریقے سے استعمال نہ کیے جانے کے باعث مالی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، پاکستان اسٹیل گزشتہ 5سال سے مشکلات سے دوچار ہے لیکن اب تمام امور درست سمت کی جانب گامزن ہیں۔ سی ای او نے پاکستان اسٹیل ملز کے نزدیک 200ایکڑزمین پرصنعتوں کے قیام کے سلسلے میں کراچی چیمبر کے وفد کودورے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے امکانات کاجائزہ لیا جائے۔

انہوں نے آئرن اور اسٹیل ڈیلرز کونیب کی جانب سے قیمتیں فکسڈ کرنے کے معاملے میں نوٹسز کے اجرا پر تحفظات کے جواب میں کہاکہ پاکستان اسٹیل کااس معاملے میں کوئی کردار نہیں، کراچی چیمبرچیئرمین نیب کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کرے جس میں تمام اسٹیک ہولڈزسمیت وہ خود بھی شرکت کریں گے۔زبیر موتی والانے زور دیاکہ پاکستان اسٹیل میں ماہر و تجربہ کارافرادی قوت کی خدمات موثر طریقے سے بروئے کار لائی جائیں۔ قبل ازیں کراچی چیمبرکے صدر افتخار احمد وہرہ نے کہاکہ چیمبر کا وفد جلد ہی اسٹیل ملز کا دورہ کرے گا۔محمد ابراہیم کوسمبی نے کہاکہ پاکستان اسٹیل میں سیاسی مداخلت مثبت نتائج برآمد نہ ہونے میں کی بڑی وجہ ہے۔
Load Next Story