ROME:
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں ہماری جماعت کے ساتھ دھاندلی ہوئی اور اس میں کسی کو کوئی شک نہیں جب کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے حکومت کی جانب سے مذاکرات کرنے والے اسحاق ڈار کی نیت پر کل بھی شک تھا اور آج بھی ہے۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی اور تحریک انصاف اس کا نشانہ بنی اور انتخابات میں عوام کی حکمرانی کو قبول نہیں کیا گیا اس لئے ان پر موجودہ حکمرانوں کو مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں دیا جانے والا دھرنا 126 دن تک جاری رہا اور سانحہ پشاور کے غم میں عمران خان نے دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا، ہمیں منزل قریب نظر آرہی تھی لیکن حالات نے کروٹ بدل لی اور ہم نے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے سیاسی اختلافات ختم کرکے وزیراعظم کے ساتھ بیٹھے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ملکی تاریخ میں دھرنے کے ذریعے سیاست اور سوچ کے انداز کو بدل دیااور اب ہماری منزل جوڈیشل کمیشن یا نئی حکومت نہیں بلکہ نئے پاکستان کا قیام ہے اور اب صرف وزیراعظم نواز شریف کے جانے سے منزل نہیں ملے گی، لوگوں کو کٹہرے میں کھڑا کئے بغیر نیا پاکستان نہیں بنایا جاسکتا۔