دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کیلئے رکاوٹ نہیں بنیں گےعمران خان

انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اورجن حلقوں کو کھولا جاتا ہے وہاں دھاندلی ہی نظر آتی ہے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 18, 2015
خیبرپختونخوامیں پولیس کےنظام کوتبدیل کردیا گیا، عمران خان فوٹو:پی ٹی آئی سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کہتے ہیں کہ شٹر ڈاؤن کرنے ہم جارہے تھے لیکن نواز حکومت نے پیٹرول بند کرکے ملک بند کرادیا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے لئے رکاوٹ نہیں بنیں گے۔

اسلام آباد میں دھرنا کنونشن سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تبدیلی اسی وقت آتی ہے جب وہاں کی خواتین اور نوجوان بیدار ہوجائیں، 127 روزہ دھرنے میں کئی ایسے مقام آئے جب خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ تھی۔ وہ دھرنے میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ اداکرتے ہیں، ایک باپ ہونے کے ناطے وہ سانحہ پشاور میں جاں بحق بچوں کے والدین کے دکھ کو سمجھ سکتے ہیں۔ سانحہ پشاور کے بعد ان کا دل نہیں مانتا تھا کہ وہ دھرنا مزید جاری رکھیں لیکن کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم ملک میں جمہورہت کے لئے دھرنے کے لئے نکلے تھے لیکن فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں اور یہ سب کچھ رانا ثنا اللہ کے ایما پر ہوا، رانا ثنا اللہ سن لیں کہ وہ اسی سال جیل میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی، جن جن حلقوں کو کھولا جاتا ہے وہاں دھاندلی ہی نظر آتی ہے، ان کے حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی جانچ پڑتال کے دوران پتہ چلاکہ وہاں 34 ہزار جعلی ووٹ بھگتائے گئے۔ نواز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے قوم کو جگانے کے لئے 126 دن کا موقع دیا اور اس سے لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں پتہ چلا۔ شٹر ڈاؤن کرنے ہم جارہے تھے لیکن نواز حکومت نے پیٹرول بند کرکے ملک بند کرادیا۔ سانحہ پشاور کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے لئے رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ اب ہم پورا زور خیبر پختونخوا میں لگائیں گے اور ثابت کریں گے کہ خیبر پختونخوا سندھ اور پنجاب سے مختلف ہے، ہم صوبے میں ایک ارب درخت لگائیں گے جب کہ سرکاری اسپتالوں کاپورا نظام تبدیل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں