ٹوئنٹی 20 رینکنگ بھارت کی دوسری پوزیشن پاکستان کے قریب

صرف 2 پوائنٹس کا فرق رہ گیا، سری لنکا ٹاپ ٹیم، بولرز میں سعید اجمل بدستور سرفہرست، شاہدآفریدی کی تنزلی

صرف 2 پوائنٹس کا فرق رہ گیا، سری لنکا ٹاپ ٹیم، بولرز میں سعید اجمل بدستور سرفہرست، شاہدآفریدی کی تنزلی. فوٹو فائل

ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بھارت کی دوسری پوزیشن پاکستان کے قریب آگئی۔

تیسری پوزیشن پر موجود گرین شرٹس کا نمبر دو دھونی الیون سے دوپوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا، ٹاپ ٹیم کا اعزاز سری لنکا نے حاصل کرلیا ہے، جنوبی افریقی سائیڈ پانچویں نمبر پر چلی گئی، بولرز میں سعید اجمل بدستور سرفہرست ہیں، ایک درجہ ترقی نے حفیظ کو آٹھویں نمبر پر پہنچادیا، ناقص پرفارمنس کے باعث شاہد آفریدی کو پانچویں پوزیشن چھوڑ کر ساتویں پر آنا پڑگیا۔ بیٹنگ میں عمر اکمل دو درجے بہتری سے 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔


تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے سپر ایٹ رائونڈ کے آخری میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 32 رنز کی شاندار فتح کا بھرپور صلہ پاکستان کو رینکنگ میں ملا، ایک ساتھ دو درجے جست نے گرین شرٹس کو تیسرے نمبر پر پہنچا دیا، روایتی حریف بھارت سے فاصلہ صرف 2 پوائنٹس کا رہ گیا، بلو شرٹس کو بھی سیمی فائنل میں نہ پہنچ پانے سے قطع نظر جنوبی افریقہ پر کامیابی کی وجہ سے ایک درجے ترقی نے دوسرے نمبر پر پہنچایا، سب سے بڑی چھلانگ سری لنکا نے لگائی جو3 نمبرز ترقی پاکر دنیا کی ٹاپ ٹوئنٹی 20 ٹیم بن گئی ہے، اب جمعرات کو رینکنگ کے لحاظ سے نمبر ون سائیڈ سری لنکا اور تیسرے نمبر کی ٹیم پاکستان کا مقابلہ ہوگا۔

سپر ایٹ رائونڈ کے تمام میچز ہارنے والی جنوبی افریقی ٹیم پانچویں نمبر پر پہنچ گئی، بولنگ رینکنگ میں سعید اجمل ٹاپ اور حفیظ آٹھویں نمبر پر آگئے جبکہ دودرجے تنزلی نے شاہد آفریدی کو ساتویں پوزیشن پر پہنچا دیا، عمر گل اور سہیل تنویر 4 اور 5 درجے خسارے کے بعد بالترتیب 28 ویں اور 34 ویں نمبر پر چلے گئے، رضا حسن 89 درجے بہتری کے ساتھ 67 ویں نمبر پر آئے۔ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل پاکستان کے واحد کھلاڑی عمراکمل نے دو درجے بہتری کے بعد 15 ویں پوزیشن سنبھال لی، حفیظ دو نمبر نیچے 24 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے، ناصر جمشید 32 اور عمران نذیر 43 پر موجود ہیں۔ ٹاپ بیٹسمین برینڈن میک کولم، دوسرے نمبر پر شین واٹسن اور تیسرے پر کرس گیل موجود ہیں۔
Load Next Story