وزیر پیٹرولیم نے قیمتوں میں مسلسل کمی کو پیٹرول بحران کی وجہ قرار دے دیا

وزیراعظم نے بحران کا ذمہ دار کسی وزیر کو نہیں ٹھہرایا جبکہ اس حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، شاہد خاقان عباسی

یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے یا اس سے زائد کی کمی کا امکان ہے، وزیر پیٹرولیم فوٹو: پی آئی ڈی

وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے پیٹرول بحران پر خود کو بری الذمہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں مسلسل کمی کے باعث اس کی طلب میں اضافہ ہوا جس کے باعث سپلائی متاثر ہوئی۔


پیٹرولیم بحران پر وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دسمبر میں پیٹرول کی طلب 12 ہزار ٹن تھی جو جنوری میں بڑھ کر 15 ہزار ٹن یومیہ تک پہنچ گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے باعث سی این جی پر چلنے والی گاڑیوں نے بھی پیٹرول لینا شروع کردیا جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پیٹرول بحران کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے اعلی سطحی کمیٹی بنادی ہے جو ذمہ داروں کا تعین کر کے وزیراعظم کو رپورٹ کرے گی۔



وزیرپیٹرولیم نے بحران پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قلت کی ذمہ داری لیتا ہوں لیکن وزیراعظم نے کسی وزیر کو بحران کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا اور تحقیقاتی کمیٹی وزیراعظم کو اسی ہفتے ذمہ داروں کا تعین کرکے آگاہ کرے گی۔ انہوں نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے یا اس سے زائد کی کمی کا امکان ہے جب کہ حالیہ بحران کے خاتمے کے لئے لاہور کی یومیہ کھپت 8 لاکھ لیٹر یومیہ سے بڑھا کر 16 لاکھ لیٹر یومیہ کردی گئی ہے جب کہ کراچی میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں اور امید ہے کہ اسی ہفتے بحران پر قابو پالیا جائے گا۔

Load Next Story