پریزیڈنٹ ٹرافی کا فیصل اور فواد کی سنچریوں کے ساتھ آغاز

پی آئی اے نے اسٹیٹ بینک کے خلاف 8 وکٹ پر 303 رنز بنالیے، شعیب خان اور انور علی کی ففٹیز


Sports Reporter October 04, 2012
فواد عالم نے ناقابل شکست 113 اور عمیر خان نے 46 رنز اسکور کیے۔ فوٹو فائل

پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا فیصل اقبال اور فواد عالم کی شاندار سنچریوں کے ساتھ آغاز ہوگیا۔

پی آئی اے کے فیصل نے اسٹیٹ بینک کے خلاف 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے، انھیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں10 ہزار رنز مکمل کرنے کیلیے مزید 58 رنز درکار ہیں، فواد نے نیشنل بینک کی جانب سے حبیب بینک کے خلاف 14چوکوں سے مزین 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی آئی اے نے اسٹیٹ بینک کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹ پر 303 رنز بنائے، فیصل اقبال کی سنچری کے ساتھ شعیب خان نے53اور فہد اقبال نے 25 رنز بنائے۔

جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا انور علی6 چوکوں اور ایک چھکے سے مزید54اور اعزاز چیمہ5 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، محمد علی اور حسن محمود نے بالترتیب 52 اور 81 رنز دے کر3،3وکٹیں حاصل کیں۔ این بی پی اسٹیڈیم میں یو بی ایل نے پورٹ قاسم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر242 رنز بنائے، علی اسد 59، سعد سرخیل 47 اور خاقان ارسل 46 کے ساتھ نمایاں رہے، محمد طلحہ نے 61 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عبدالرئوف نے46 رنز کے عوض2 وکٹیں لیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل بینک نے حبیب بینک کے خلاف 4 وکٹ پر 273 رنز بنائے، فواد عالم نے ناقابل شکست 113 اور عمیر خان نے 46 رنز اسکور کیے، سرمد انور، احسان عادل اور عمران فرحت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کے آر ایل نے زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 4 وکٹ پر 293 رنز بنائے، زین عباس نے 50 اور بازید خان نے 46 رنز اسکور کیے،جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا نوید یاسین 32 اور شعیب منہاس 40 پر بیٹنگ کررہے تھے۔ ریحان ریاض نے41 رنز دے کر 2 پلیئرزکو آئوٹ کیا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں واپڈا نے سوئی ناردرن گیس کیخلاف 8 وکٹ پر 178 رنز بنائے، شعیب مقصود 76 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، اسد علی نے43 رنز کے عوض3 اور یاسر شاہ نے 70 رنز دے کر 2 وکٹیںحاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں