ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کے ہارنے کی ریت توڑنے کی کوشش کریں گے مصباح الحق

صرف ایک چیزکی کوشش کرنی ہے بہترین کرکٹ کھیلیں اورہار جیت کےبارے میں سوچنے کے بجائے اپنی پرفارمنس کو بہترین رکھیں،مصباح


ویب ڈیسک January 20, 2015
مثبت سوچ کے ساتھ میگا ایونٹ کے لئے جارہے ہیں اور ذہن میں صرف ایک بات ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں، مصباح الحق فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ہار جیت کے بارے میں سوچنے کے بجائے بہتر پرفارمنس دینے اور پاکستان کے ہارنے کی ریت توڑنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے جتنی تیاری کرسکتے تھے ہم نے کی، مثبت سوچ کے ساتھ میگا ایونٹ کے لئے جارہے ہیں اور ذہن میں صرف ایک بات ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں صرف ایک چیز کی کوشش کرنی ہے کہ ہم بہترین کرکٹ کھیلیں اور ہار جیت کے بارے میں سوچنے کے بجائے اپنی پرفارمنس کو بہترین رکھیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ہمارے لئے ہر میچ اہم ہے، قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں اس لئے ہر میچ جیتنے اور پاکستان کی ورلڈ کپ میں ہارنے کی ریت کو توڑنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھرپور نیٹ پریکٹس کی اور تمام کھلاڑی اس جذبے کے ساتھ جارہے ہیں کہ ورلڈ کپ جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں جہاں سینئر کھلاڑی موجود ہیں تو وہیں نئے کھلاڑی بھی ہیں جو بہت پرعزم ہیں، میگا ایونٹ میں تمام ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ آتی ہیں ہماری بھی تیاری پوری ہے اور پورے جذبے اور جیت کے عزم کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔