حکومتی اداروں کی کارکردگی پر عدالتی انتباہ

بلاشبہ قانون اور انصاف سے عوام کی عدم واقفیت اور قانون کی بالادستی نہ ہونے سے بحیثیت قوم ہمیں یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔

علاج معالجہ ، تعلیم ، صحت اور روزگار کے مواقعے فراہم کرنا اور عوام کی خبر گیری رکھنا حکومت کا اولین اور بنیادی فریضہ ہے. فوٹو: فائل

عوام کے مصائب والم کا اندازہ ارباب اختیار اورحکومت کو تو بالکل نہیں ہے، لیکن انصاف کے منصب پر بیٹھے معززججزکو ہے، اسی حوالے سے اگلے روز سپریم کورٹ میں زیر سماعت ایک مقدمے کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے سینئر ترین جج جسٹس جواد خواجہ کا کہنا تھا کہ لاقانونیت کا واویلا مچانے والے ملک میں قانون کا اطلاق چاہتے ہیں نہ ہی بہترطرزحکومت،حکومتی پھرتیاں یہ ہیں کہ انسداد دہشت گردی کا قانون سرکاری ویب سائٹ پر موجود ہی نہیں۔

بلاشبہ قانون اور انصاف سے عوام کی عدم واقفیت اور قانون کی بالادستی نہ ہونے سے بحیثیت قوم ہمیں یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں ، انصاف کا حصول بغیر آگاہی ممکن نہیں ۔ دوران سماعت ایک اور فاضل جج نے کہاکہ مروجہ قوانین کی طباعت،اشاعت اور سب تک پہنچانا حکومت کی ذمے داری ہے لیکن عوام تو دور، وکیلوں اورججوں کو ان قوانین کا پتہ نہیں ہوتا،فاضل ججز نے جس کوتاہی کی نشاندہی کی ہے ،اس کا ازالہ کرنا حکومت کی اولین ذمے داری بنتی ہے ۔ دوسری جانب ایک اور مقدمے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کیا سرکار بے روزگار نوجوانوں کے روزگار اور روٹی بھی دے گی یا یہ اثاثہ اس طرح لانچوں میں بیٹھ کر باہر جائے گا ۔


عدالت نے غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد کے جاں بحق ہونے پر سخت تشویش کا اظہارکیا اورکہا ملک کا نظام ہوا میں چل رہا ہے یا کوئی حکومت بھی موجود ہے ۔دوران سماعت فاضل ججز کے ریمارکس صورتحال کی سنگینی کی طرف اشارہ کرتے نظر آتے ہیں ،اس حقیقت سے اب انکار ممکن نہیں کہ ہمارے ملک میں حکومتی اداروں کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہوچکی ہے، روزگار کے دروازے نوجوانوں پر بند ہیں، لامحالہ وہ والدین کی جمع پونجی ایجنٹوں کو دے کر بیرون ملک روزگار کی تلاش میں جاتے ہیں، اس عمل کے دوران نہ زندگی کی ضمانت ہوتی ہے اور نہ ہی رزوگار کی ، لیکن پھر بھی رسک لیتے ہیں ۔

یہ فعل اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ عوام جیے یا مریں حکومت کو پروا نہیں ۔ہاں جو خوش نصیب بچ جائیں وہ قیمتی زرمبادلہ بھیجتے ہیں ، جس پر حکومت شاہ خرچیاں کرتی نظر آتی ہے ۔ علاج معالجہ ، تعلیم ، صحت اور روزگار کے مواقعے فراہم کرنا اور عوام کی خبر گیری رکھنا حکومت کا اولین اور بنیادی فریضہ ہے ، اگر کہیں غفلت کا مظاہر ہ ہورہا ہے تو اس کو دور ہونا چاہیے، تاکہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچیں اور ان کے ریلیف مل سکے ۔
Load Next Story