گرفتار ملزمان کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا کرائم ریکارڈ آفس زونز میں تقسیم

زونز میں تجرباتی بنیادوں پر گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔


Sajid Rauf January 21, 2015
کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کا مرکزی کمپیوٹرائزڈ سرور سینٹرل پولیس آفس میں قائم کیا گیا ہے جہاں کریمنل ریکارڈ کا ڈیٹا محفوظ بنایا جارہا ہے۔ فوٹو: فائل

گرفتار ملزمان کا ریکارڈ مرتب کرنے والے کرائم ریکارڈ آفس کو زونل ڈی آئی جیز آفس میں تقسیم کرکے کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا۔

زونز میں تجرباتی بنیادوں پر گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے،اس سے قبل شہر بھر سے گرفتار ملزمان کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے پرانے ٹی پی ایکس تھانے کھارادر لایا جاتا تھا، زونز کی سطح پر پی آر او کو تقسیم کرنے اور کمپیوٹرائزڈ کرنے سے پولیس کو درپیش مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے شعبہ کرائم انویسٹی گیشن اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ماتحت پرانے ٹی پی ایکس تھانے کھارادر میں قائم کرائم ریکارڈ آفس کوزونلز ڈی آئی جیز کے آفس میں تقسیم کرکے کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے،اس سلسلے میں تینوں زونز آفس میں فائبر آپٹیکل کے کنکشن، جدید کمپیوٹرز، بائیو میٹرک سسٹم ،کیمرے اور ضروری سامان فراہم کردیا گیا ہے جہاں زونز میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا خصوصی طور پر تیار کیے جانے والے سافٹ ویئر کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے تحت ملزمان کا مکمل ریکارڈ جس میں ان کی تصاویر، فنگر پرنٹس اور اس پر درج مقدمات کی تفصیل درج کی جارہی ہے۔

کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کا مرکزی کمپیوٹرائزڈ سرور سینٹرل پولیس آفس میں قائم کیا گیا ہے جہاں کریمنل ریکارڈ کا ڈیٹا محفوظ بنایا جارہا ہے،ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس سے قبل پولیس کے ہاتھوں شہر بھر سے گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا کریمنل ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے پرانے ٹی پی ایکس تھانے کھارادر لایا جاتا تھا جہاں گرفتار ملزمان کا روایتی انداز میں (مینول) انداز یا طریقے سے ریکارڈ مرتب کیا جاتا تھا تاہم مذکورہ نظام کے بعد تینوں زونز میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا اپنے ہی زون میں کرمنل ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرلیا جائے گا۔

ابھی مذکورہ نظام تجرباتی بنیادوں پر کام کر رہا ہے تاہم اس کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا، اس سلسلے میں ایک سادہ اور پر وقار تقریب بھی منعقد کی جائے گی، زونز کی سطح پر پی آر او کو تقسیم کرنے سے پولیس کو درپیش مشکلات میں کمی واقع ہوگی،گرفتار ملزمان کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ سے پولیس کو بروقت تفتیش میں بھی کافی مدد حاصل ہوگی، زونز میں تقسیم کیے جانے والے جدید کمپیوٹرز اور دیگر سامان دستیاب وسائل کے تحت فراہم کیے گئے ہیں جن میں وقتا فوقتاً بہتری لائی جائے گی۔

ٹی پی ایکس تھانے میں قائم کرائم ریکارڈ آفس میں صرف اینٹی کار لفٹنگ سیل، اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا کمپیوٹرائز ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا کہ اگر تینوں زونز میں مذکورہ نظام کامیابی سے چلا تو اسے مرحلے وار ایس ایس پی آفس ، ایس پی آفس ،ڈی پی ایس پی افس اورآخر میں تھانے کی سطح پر اس نظام کو پھیلا دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |