ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پرواز سے قبل ہی شاہینوں کا ایک پر جھڑ گیا

چند روز قبل فٹ قراردیے جانے والے جنیدانجری کے سبب کیویزکیخلاف سیریز سے باہر


Sports Reporter January 21, 2015
نیوزی لینڈ روانگی سے چند گھنٹے قبل خبر سنائی گئی کہ جنید خان سیریز سے آؤٹ اور بلاول بھٹی کو ’ان‘ کیا گیا۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ کی جانب پرواز سے قبل ہی شاہینوں کا ایک پر جھڑ گیا، چند روز قبل فٹ قرار دیے جانے والے جنید خان انجری کے سبب نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے، میگا ایونٹ میں بھی شرکت کا امکان کم رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سعید اجمل اور محمد حفیظ کا ایکشن غیر قانونی قرار پانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، اسکواڈ کی نیوزی لینڈ روانگی سے چند گھنٹے قبل انجرڈ جنید خان کو پاکستان میں ہی روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ان کا خلا پُر کرنے کیلیے بلاول بھٹی کو کیویز کیخلاف 2 ون ڈے میچز کی سیریز میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کردیا گیا، پی سی بی نے فی الحال لیفٹ آرم پیسر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے، نیوزی لینڈ میں بلاول بھٹی کی کارکردگی اور آئندہ چند دنوں میں جنید خان کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ جنید خان یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچز سے قبل ہی ٹخنے کی انجری کے سبب وطن واپس آگئے تھے، پیسر نیوزی لینڈ سے سیریز میں بھی شرکت نہ کرسکے، وہ آخری بار گذشتہ برس ستمبر میں دورئہ سری لنکا میں بولنگ کرتے نظر آئے تھے، فٹنس کی بحالی کے بعد انھوں نے ورلڈکپ اسکواڈ کے ساتھ تربیتی کیمپ میں شرکت کی لیکن آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے گر کر ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے، فاسٹ بولر کا ایم آر آئی اسکین کرانے کے بعد پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم نے رپورٹ جاری کی تھی زخم خطرناک ہے، تشویش کی بات نہیں اور وہ اسکواڈ کیساتھ ہی نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے۔

تاہم منگل کو قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے چند گھنٹے قبل خبر سنائی گئی کہ جنید خان سیریز سے آؤٹ اور بلاول بھٹی کو 'ان' کر دیا گیا ہے، حیران کن طور پر پیسر کی فٹنس مشکوک ہونے کا فیصلہ بھی ڈاکٹر سہیل سلیم اور ٹیم فزیو بریڈ رابنسن نے کیا۔ یاد رہے کہ بلاول بھٹی 8 ون ڈے میچز میں59 کی بھاری اوسط سے صرف 5 وکٹیں ہی حاصل کرسکے ہیں، وہ بھی فٹنس مسائل سے پریشان رہے۔ انھیں ورلڈٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کیخلاف میچ کے ایک اوور میں30رنز کی پٹائی بھی برداشت کرنا پڑی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں