یمن میں حوثی باغیوں نے صدارتی محل پر قبضہ کرلیا

صدارتی محل کی نگرانی کرنیوالے گارڈزنے مختصرجھڑپ کے بعدمحل کوباغیوں کے حوالے کردیا


AFP January 21, 2015
کرنل جمالانی نے بتایاکہ محل کے اندر داخل ہونیوالے باغیوں کومحل کے اندر سے مدد فراہم کی گئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: یمن میں حوثی باغیوں نے صدارتی محل پرقبضہ کرلیا ہے جب کہ اقوام متحدہ نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حوثی باغی صدارتی محل کے گارڈز کے ساتھ لڑائی کے بعدصدارتی محل میں داخل ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق صدر منصور ہادی صدارتی محل میں موجود نہیں تھے۔ صدارتی محل کی نگرانی کرنے والے گارڈزنے مختصرجھڑپ کے بعدہی محل کوحوثی باغیوں کے حوالے کردیا۔ صدارتی محل کی حفاظت پرمامور فورس کے کمانڈر کرنل صالح الجمالانی نے اسے تختہ الٹنے کے مترادف قراردیا۔

کرنل جمالانی نے بتایاکہ محل کے اندر داخل ہونیوالے باغیوں کومحل کے اندر سے مدد فراہم کی گئی۔ ان کاکہنا تھاکہ باغیوں نے بڑے پیمانے پر محل کے اسلحہ ڈپوسے اسلحہ لوٹا۔ وزیر اطلاعات نادیہ شکف کے مطابق جنگجوصدر منصور ہادی اورامریکی حمایت یافتہ حکومت کاخاتمہ چاہتے ہیں۔ یمنی حکام کے مطابق حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاکے وسط میں واقع وزیراعطم کی رہائش گاہ کا محاصرہ بھی کرلیا ہے۔

پیر کو سرکاری سیکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان صدارتی محل کے قریب جھڑپوں میں کم ازکم 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان جھڑپوں کے بعد سرکاری فوج اورحوثی باغیوں کے درمیان جنگ بندی ہوگئی تھی۔ اے ایف پی کے مطابق القاعدہ کے مشتبہ جنگجوؤں نے صوبہ ہدراماوت میں گھات لگاکر یمنی فوجیوں پرفائرنگ کردی جس میں 5اہلکار ہلاک ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے یمن میں لڑائی کوفوراً روکنے کا مطالبہ کیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں