ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہے گا، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک January 21, 2015
بارشوں اور برفباری کا سسٹم ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، فوٹو: ایکسپریس

ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس نے جہاں خشک سردی کا خاتمہ کردیا ہے وہیں لوگوں کے لئے مشکلات بھی پیدا ہوگئی ہیں۔

گزشتہ روز مغرب سے داخل ہونے والا بارشوں اور برفباری کا سسٹم ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، گزشتہ روز سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں جاری بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی سے تربت اور گوادر کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا جسے اب بحال کردیا گیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے ساحلی علاقوں میں گزشتہ رات کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں بارش برسانے کے بعد اب یہ سسٹم پنجاب اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا باعث بن رہا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اب تک 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ چمن میں گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کوژک کے مقام پر شدید برفباری کے باعث کوئٹہ چمن قومی شاہراہ بند ہو گئی ہے جس سے دونوں اطراف درجنوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ زیارت،کان مہترزئی اور خانوزئی میں برفباری کے بعد ٹھنڈی یخ ہوائیں خون جمارہی ہیں۔ زیارت اور گرد و نواح میں اب تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑچکی ہے، برفباری کے بعد زیارت شہر کا چوتیر اور سنجاوی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ شہر سے نواحی دیہات تک رسائی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

بہاولپور، رحیم یار خان اور ملتان سمیت پنجاب کے جنوبی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ اوکاڑہ، فیصل آباد، سرگودھا اور لاہور میں بھی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ لاہور کے لوگ جہاں بارش سے خوشگوار احساس میں مبتلا ہوئے ہیں وہیں 75 فیڈر بھی ٹرپ کرگئے ہیں جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر لاہور سے رحیم یارخان تک پھسلن ہے جبکہ جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر بھی ہلکی بارش ہورہی ہے اس لئے عوام ان شاہراہوں پر سفر کے دوران محتاط رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب اور قلات کے میں اکثر مقامات پر برفباری جبکہ بالائی پنجاب کے ساتھ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر مقامات پر میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں