حکومت پیٹرول کے بحران پر ذمہ داری قبول کرکے فوری طور پر مستعفی ہوجائے شیریں مزاری

عمران خان کی سعودی عرب میں طاہر القادری سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں، سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 21, 2015
تحریک انصاف حکومت کا راستہ روکنے کی پوری سکت رکھتی ہے، شیریں مزاری فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پیٹرول کے بحران کے ذمہ دار وزیر اعظم اور ان کی کابینہ ہے اگر حکومت بحرانوں پر قابو نہیں پاسکتی تو وہ خود کو اقتدارسے الگ کرکے نئے انتخابات کا اعلان کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پیٹرول کے حالیہ بحران سے مسلم لیگ نواز کی حکومت کی نااہلی پوری طرح سامنے آگئی ہے، حکومت اپنے طرز عمل سے عملی طور پرجعلی حکومت کا روپ دھار چکی ہے جس کے وزراء بشمول وزیراعظم مراعات تو پوری تندہی اور ذمہ داری سے وصول کرتے ہیں جبکہ فرائض کی بجا آوری سے مکمل پہلو تہی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ قوم پیٹرول کے حصول کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں جبکہ وزیراعظم اپنے نااہل وزراء کے تحفظ میں مصروف ہیں.

تحریک انصاف کی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں، ان کے حمایتی اور معاونین کے خلاف کسی قسم کے ٹھوس اقدامات اٹھانے کے بجائے صرف زبانی جمع خرچ کے ذریعے ہی معاملات چلا رہی ہے۔ اگر حکومت بحرانوں پر قابو پانے سے قاصر ہے تو وہ خود کو اقتدارسے الگ کرے اور ملک میں از سر نو انتخابات کا اعلان کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سعودی عرب روانگی کا واحد مقصد حج بیت اللہ کی زیارت اور عمرہ کی ادائیگی ہے جہاں ان کی ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے نہ تو فوج سے مشاورت کے بعد احتجاج کا اعلان کیا اور نہ ہی اس کے اشارے پر خاتمے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے ثابت کیا کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے جو حکومت کا راستہ روکنے کی پوری سکت رکھتی ہے تاہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے قومی مفاد میں احتجاج ترک کرنے کا فیصلہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں