سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے ہتک عزت کے دعوے پر عمران خان عدالت طلب

عدالت نے چیرمین تحریک انصاف کو سمن جاری کرتے ہوئے 29 جنوری کو طلب کرلیا


ویب ڈیسک January 21, 2015

ISLAMABAD: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو افتخار چوہدری کی جانب سے ہتک عزت پر 20 ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے پر عدالت میں طلب کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ہتک عزت پر 20 ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا جس پر عدالت نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے عمران خان کو سمن جاری کردیئے ہیں۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ کی جانب سے سمن تحریک انصاف سیکریٹریٹ ایوب چوک ایمبیسی روڈ کے پتے پر بھجوائے گئے ہیں جس میں عمران خان کو 29 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ عدالت نے سمن میں عمران خان کو 29 جنوری کی صبح خود یا وکیل کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے عدم حاضری پر یکطرفہ کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف نے عمران خان کے عدالتی سمن موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی چیرمین اپنے وکلا سے مشاورت کے بعد اس کا جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری پر انتخابی دھاندلی میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے تھے جس پر افتخار چوہدری نے ان کے خلاف 20 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی عمران خان افتخار چوہدری کو بھیجے گئے ہتک عزت کے نوٹس سے دستبردار ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔