اردن سے امریکا جانے والے طیارے میں دوران پرواز نئی مہمان کی آمد

عین اس وقت جب جہاز بحر اوقیانوس (اٹلانٹک اوشن) پر محو پرواز تھا تو خاتون نے صحت مند بچی کو جنم دیا

جہازجب جان ایف کینڈی ایئرپورٹ پر اترا تو عملے نے فوری طورپر خاتون اوربچی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا فوٹو:فائل

کچھ واقعات ایسے ہوتے ہیں جن کو سن کر انسان حیرت میں مبتلا ہوجاتا ہے اور ایسا ہی کچھ ہوا اردن سے امریکا جانے والی پرواز میں جہاں فضاؤں میں سفر کے دوران خاتون نے بچی کو جنم دیا۔



امریکی ڈریم ایئر لائنز کی پرواز اردن سے نیو یارک کے لیے روانہ ہوئی تو تھوڑی ہی دیر بعد اردن سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون نے پیٹ میں درد کی شکایت کی جس پر جہاز کا عملہ اور پرواز میں موجود ڈاکٹر اسے ایک الگ جگہ لے گئے اور عین اس وقت جب جہاز بحر اوقیانوس (اٹلانٹک اوشن) پر محو پرواز تھا خاتون نے بچی کو جنم دیا۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ نومولود بچی کا وزن 6 پاؤنڈز سے زائد تھا جب کہ بچی کی پیدائش معمول کے مطابق ہوئی اور اس دوران کوئی پیچیدگی سامنے نہیں آئی۔


جہاز جب ساڑھے 11 گھنٹے کی طویل پرواز کے بعد جون ایف کینیڈی ایئر پورٹ پر اترا تو اس میں مسافروں کی تعداد میں ایک کا اضافہ ہوچکا تھا جب کہ ایئرپورٹ ترجمان کے مطابق ماں اور بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

Load Next Story