ریت کی دیوار ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن 122رنز پر ڈھیر

جنوبی افریقہ نے تیسرے ون ڈے میں 9 وکٹ کی فتح سے سیریز بھی اپنے نام کر لی


Sports Desk/AFP January 22, 2015
ایسٹ لندن: تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کے آؤٹ ہونے پر کامیاب جنوبی افریقی بولر ورنون فلینڈر اور دیگر کھلاڑی خوشی سے سرشار۔ فوٹو : اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیزکو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 9 وکٹ سے زیر کر کے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

اگلے دونوں میچز رسمی کارروائی ثابت ہوںگے، گذشتہ روز مہمان بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر نے28 رنز کے بدلے 4 وکٹیں لیں، فلینڈر نے اسمتھ اور کرس گیل سمیت 3 بیٹسمینوں پر ہاتھ صاف کیا، فاتح سائیڈ کے ہاشم آملا اور ڈوپلیسی نے نصف سنچریاں بنائیں، انھوں نے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 97 رنز جوڑے۔

تفصیلات کے مطابق بفالو پارک ایسٹ لندن میں باؤنسی پچ پر ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ ویسٹ انڈیز کو لے ڈوبا، فلینڈر نے ڈیوائن اسمتھ (5) کا اپنی پہلی ہی گیند پر شکار کرلیا، دوسرے اوور میں انھوں نے ایک رن بنانے والے جارح مزاج کرس گیل کو بھی رخصتی کا پروانہ تھمایا، ڈیو نارائن بھی 10 رنز بنانے کے بعد ڈیل اسٹین کی گیند پر چلتے بنے، وکٹ کیپر رامدین (2) اسٹین کا دوسرا شکار ثابت ہوئے، 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر مارلون سیموئلزکی مزاحمت بھی جلد دم توڑ گئی، کارٹر(18) اور آندرے رسل نے 16 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی، دونوں بالترتیب عمران اور مورکل کا شکار بنے۔ بعد ازاں کپتان جیسن ہولڈر اورسلیمان بین کے درمیان آخری وکٹ کیلیے26 رنز کی شراکت نے اسکور 33.4 اوورز میں 122 تک پہنچایا، سلمان 18 پر عمران طاہر کا چوتھا شکار بنے،کپتان 17 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسان ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی واحد وکٹ 27 کے اسکور پرروسو(7) کی صورت میں گری، ہاشم آملہ نے فاف ڈوپلیسی کے ہمراہ ٹیم کو 24.4 اوورز میں ہی ہدف تک پہنچادیا،دونوں بالترتیب 61 اور 51 پر ناقابل شکست رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں