بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث کئی سڑکیں بند مواصلاتی رابطے معطل

لواری ٹاپ پر 5 فٹ، لواری ٹنل پر2 فٹ، شندور روڈ پر ڈیڑھ فٹ جبکہ مری سمیت گلیات کے پہاڑوں پر 6انچ تک برفباری ہوچکی ہے

چمن، پشین، لورالائی،ژوب اور قلات میں برفباری کا سلسلہ رک گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک کے بالائی علاقوں اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک کے مغرب سے داخل ہونے والی ہواؤں کے باعث بالائی علاقوں میں اب بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں رجم جھم جاری ہے۔ کالام، ماندام اور مالم جبہ میں دو روز کے دوران اب تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ لوئر اور اپر دیر میں برفباری جاری ہے جس کی وجہ سے براول اور کوہستان کا دیگر علاقوں سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ چترال میں بھی پہاڑوں پر برف پڑ رہی ہے۔ گرم چشمہ، لواری اور بگشت سمیت بالائی علاقوں میں تین روز سے برف روئی کے گالوں کی طرح برس رہی ہے، اب تک لواری ٹاپ پر 5 فٹ، لواری ٹنل پر2 فٹ اور شندور روڈ پر ڈیڑھ فٹ برف پڑچکی ہے۔ شندور روڈ بند ہونے سے چترال اور گلگت کے درمیان زمینی رابطہ معطل ہوگیا ہے۔ شمال مغربی بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین، لورالائی،ژوب اور قلات میں برفباری کا سلسلہ رک گیا ہے تاہم بعض مقامات پر اب بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔


ملکہ کوہسارمری سمیت گلیات کے پہاڑوں پر 6انچ تک برف گرنے سے سردی بڑھ گئی ہے۔ نتھیاگلی سے شانگلہ گلی تک سڑکیں بند ہیں۔ مری میں برفباری کے باعث درخت گرنے سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے کشمیرپوائنٹ، بینک روڈ،ہال روڈ، جھیگاگلی روڈ ، اپروومنٹ ٹرسٹ،عباسی محلہ اورکشمیری محلہ میں گزشتہ شام5بجےسےبجلی کی فراہمی معطل ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی اور راستوں کی بندش جیسے مسائل بھی لوگوں کو اس دلفریب موسم سے لطف اندوز ہونے سے روک نہیں پارہے اور ملکہ کوہسار میں ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں کیل، اٹھ مقام، فاروڈکہوٹہ اور دیرکوٹ میں برف روئی کی طرح گر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے باغ سے بھیڈی اور وادی نیلم جانے والی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ سردی پارا چنار میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسکردو اور مری میں منفی8، گوپس اور قلات میں منفی 5، استور میں منفی 4، ہنزہ میں منفی 3 ڈگری اور گلگت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں جبکہ بلوچستان کےبعض علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش اور برفباری کا امکان ظاہرکیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بارش جبکہ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ساتھ ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
Load Next Story