لاہورپولیس نے اسکول کے بچوں پرڈنڈوں کی بارش کرڈالی

پولیس کی لاٹھیاں لگنے سے 2 کمسن طالبعلموں کے سر پھٹ گئے جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔


ویب ڈیسک January 22, 2015
پولیس کی لاٹھیاں لگنے سے 2 کمسن طالبعلموں کے سر پھٹ گئے جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

قانون کے رکھوالوں نے لاہور میں معصوم بچوں پر لاٹھیاں برسا کر آج اپنے دامن کو ایک بار پھر داغ دار کرڈالا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹرسٹ اسکول کو انتظامیہ کے حوالے کئے جانے کے خلاف اسکول کے طالب علم اپنے والدین کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے مال روڈ پر آگئے جسے روکنے کے لئے پولیس نے اپنی روایتی حکمت عملی اپنائی اور لاٹھیاں لے کر معصوم بچوں پر چڑھ دوڑی جب کہ پولیس کی لاٹھیاں لگنے سے 2 کمسن طالبعلموں کے سر پھٹ گئے اور کئی زخمی بھی ہوئے۔ زخمی بچوں کو والدین نے اپنی مدد آپ کے تحت قریبی اسپتال منتقل کیا جب کہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک بچے کے سر پر 7 اور دوسرے کے سر پر 5 ٹانکے آئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔


واضح رہے کہ لاہور پولیس کی جانب سے غیر انسانی حقوق کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل لاہور پولیس نے احتجاج کرنے والے نابینا افراد پر لاٹھیاں برسائی تھیں جس کا وزیراعلی کی جانب سے نوٹس لیا گیا لیکن تاحال ذمہ داروں کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا گیا جبکہ گزشتہ سال 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں بھی پولیس نے غیر انسانی سلوک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں