غیر قانونی ہائیڈرنٹس 31 جنوری تک مسمار کرنے کا عدالتی حکم

ججز نے تمام غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس مسمارکرکے رپورٹ31 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔


Arshad Baig January 23, 2015
اجلاس میں فاضل ججز نے کراچی میں قائم 154غیرقانونی واٹرہائیڈرنٹس کے خاتمے کیلیے2کمیٹیاں تشکیل دیں۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

لاہور: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر فاروق علی چنہ اور سیشن جج غربی غلام مصطفی میمن کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں تمام غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کرکے مسمار کرنے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے 2 کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی۔

ججز نے تمام غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس مسمارکرکے رپورٹ31 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، تفصیلات کے مطابق ملیر کورٹ میں فاضل ججز کی سربراہی میں منعقد ہ اجلاس میں ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی، ڈی آئی جی شرقی منیر احمد شیخ ، رکن سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین، لا افسر محمود خان یوسفی نے شرکت کی، ججز کو ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کہ لانڈھی اورکورنگی میں36، ضلع غربی اور وسطی میں118سے زائد غیرقانونی واٹرہائیڈرنٹس موجود ہیں۔

ادارہ غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار کرتا ہے لیکن اگلے 24 گھنٹے میں دوبارہ تعمیر ہوجاتا ہے اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس شرقی نے یقین دلایا کہ وہ غیر قانونی ہائیڈرینٹ مسمار کرنے کے لیے واٹر بورڈ کے عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے ایماندار اور نڈر پولیس افسران فراہم کریں گے، اجلاس میں فاضل ججز نے کراچی میں قائم 154غیرقانونی واٹرہائیڈرنٹس کے خاتمے کیلیے2کمیٹیاں تشکیل دیں۔

واٹربورڈ کے ایگزیکٹو انجینئر محمد ریاض کو ضلع کورنگی، شرقی، ملیر اور جنوبی کے علاقوں میں قائم تمام غیرقانونی واٹرہائیڈرنٹس مسمار کرنے اور ملوث افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت کارروائی کی ہدایت کی گئی ایس ایس پی شرقی پیر محمد شاہ کو واٹر بورڈ کے عملے کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلیے نامزد کیا گیا ہے، دوسری کمیٹی واٹر بورڈ کے ایگزیکٹو انجینئر محمد آصف قادری کی سربراہی میں بنائی گئی ہے جو ضلع غربی، وسطی، موچکو، جیکسن اور ڈاکس کے علاقوں میں قائم تمام غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ مسمار کرنے کی کارروائی کریں گے۔

کارروائی کے دوران ایس ایس پی غربی اظفر مہسر واٹر بورڈ کے عملے کو تحفظ فراہم کریں گے، فاضل ججز نے تمام کارروائی مکمل کرکے رپورٹ 31 جنوری کو اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، واضح رہے کہ 9جنوری کو سپریم کورٹ کے جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل بینچ نے فاضل ججز کو اجلاس منعقد کرکے شہر کے تمام غیرقانونی ہائیڈرنٹس مسمار کرنے کا حکم دیا تھا، ججز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کمیٹیاں تشکیل دے کر شہر میں قائم تمام غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |