بنگال ٹائیگرز کی چھوٹی آنکھیں بڑے خواب دیکھنے لگیں

کوچ ہتھورا سنگھے نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز میں رسائی کو پہلا ہدف قرار دے دیا


AFP January 23, 2015
کوچ ہتھورا سنگھے نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز میں رسائی کو پہلا ہدف قرار دے دیا فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: بنگال ٹائیگرز کی چھوٹی آنکھیں بڑے خواب دیکھنے لگیں، ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنلز میں رسائی پہلا ہدف قرار دے دی۔

کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کہتے ہیں کہ پول راؤنڈ میں چار میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کپتان مشرفی مرتضیٰ کو افغانستان سے ہی خطرہ محسوس ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کھیلنے کا ارادہ ظاہر کر دیا،کوچ ہتھورا سنگھے ٹیم کی تیاریوں پر انتہائی مسرور اور اپنی ٹیم کو کئی اپ سیٹ کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ بنگلہ دیش نے 4 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں سے صرف ایک کا دوسرا راؤنڈ کھیلا، جب 2007 میں وہ بھارت کو زیر کرکے سپر 8 میں پہنچا تھا۔ اس بار بنگال ٹائیگرز گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، سری لنکا، افغانستان اوراسکاٹ لینڈ کے ساتھ شامل ہے۔

اس گروپ سے کوارٹر فائنل میں ٹاپ 4 ٹیمیں جگہ پائیں گی۔ ہتھورا سنگھے نے کہاکہ تین میچز جیتنے سے بھی اگلے راؤنڈ میں کھیلنے کا امکان بن جائے گا لیکن ہم چار میچز میں فتح سے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرنا چاہیں گے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش اپنی تیاریاں برسبین میں کرے گا جبکہ وہیں پر اس کا میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ میچز میں پاکستان اور آئرلینڈ سے مقابلہ ہونا ہے۔

کوچ نے کہاکہ ہمیں برسبین میں ٹریننگ اور وہیں وارم اپ میچز کھیلنے کا فائدہ ورلڈ کپ میں ہوگا۔ دوسری جانب کپتان مشرفی مرتضیٰ کہتے ہیں کہ ہم دوسرے راؤنڈ میں جانا چاہتے ہیں لیکن یہ کافی مشکل کام ہے، اس کے لیے ہمیں ایونٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کرنا ہوگا، افغانستان سے پہلا معرکہ کافی اہمیت کا حامل ہے۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بھی افغانستان نے بنگال ٹائیگرز کو ہرا دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں