آئی سی سی کی صدارت کے باوجود نجم سیٹھی’’لوپروفائل‘‘ میں رہیں گے

شخصیت غیرمتنازع رکھنے کیلیے پاکستان سپرلیگ بڈکمیٹی کی سربراہی چھوڑ دی

سابق آئی سی سی صدراحسان مانی کوچیئرمین مقررکیے جانے کا امکان روشن ہوگیا فوٹو: فائل

KARACHI:
آئی سی سی کی صدارت سنبھالنے سے قبل نجم سیٹھی نے ''لوپروفائل'' میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنی شخصیت غیر متنازع رکھنے کیلیے ہی سابق چیئرمین پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ بڈ کمیٹی کی سربراہی چھوڑ دی، قبل ازیں یو اے ای میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کیخلاف سیریز کے نشریاتی حقوق کی فروخت میں جانبداری کے الزامات پر انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس بار انھوں نے مالی معاملات میں الجھنے سے معذرت کرلی،اس ذمہ داری کیلیے کسی متبادل کی نامزدگی 1،2روز میں کردی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کو رواں برس آئی سی سی صدر کی پوسٹ سنبھالنی ہے، ان کی پوری کوشش ہے کہ اس دوران ''لوپروفائل'' رہ کر تنازعات سے دور رہیں۔


وہ اسی وجہ سے مجوزہ پاکستان سپرلیگ کی بڈ کمیٹی سے دستبردارہوگئے، پی سی بی گورننگ بورڈ نے بدھ کو پی ایس ایل کے تن مردہ میں جان ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 6رکنی باڈی تشکیل دی تھی جس کا سربراہ سابق چیئرمین کو نامزد کیا گیا، اب بورڈ کی پریس ریلیز کے مطابق انھوں نے اس ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے سے معذرت کرلی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کے مالی معاملات میں نہیں الجھنا چاہتے۔ نجم سیٹھی کا موقف ہے کہ وہ گورننگ بورڈ کے رکن اورایگزیکٹیوکمیٹی چئیرمین ہیں، جولائی میں آئی سی سی صدرکا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی مصروفیت میں مزید اضافہ ہوجائیگا، اس لیے بہترہے کہ پی ایس ایل کی ذمہ داری کسی اورکوسونپ دی جائے۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی کے بطور چیئرمین دور میں پاکستان کی یو اے ای میں سری لنکا اور یو اے ای سے سیریز کے نشریاتی حقوق کی فروخت میں جانبداری کا الزام عائد ہوا تھا،آئی سی سی کی صدارت سنبھالنے کے پیش نظر وہ کسی تنازع میں نہیں الجھنا چاہتے،اسی لیے براہ راست مالی معاملات میں ملوث ہونے سے گریز کیا ہے،ان کی جانب سے انکارکے بعد سابق آئی سی سی صدراحسان مانی کوبڈ کمیٹی کا چیئرمین مقررکیے جانے کا امکان ہے، بورڈ کی پریس ریلیز کے مطابق اس حوالے سے کوئی فیصلہ 1،2روز میں کرلیا جائیگا۔
Load Next Story