سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی تدفین کردی گئی

9 سال تک سعودی فرمانروا کے عہدے پر فائز رہنے والے شاہ عبداللہ کا انتقال 91 برس کی عمر میں ہوا۔

سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی عمر 91 برس تھی۔ فوٹو: فائل

سعودی فرما رواں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی تدفین کردی گئی ہے جبکہ ان کی نماز جنازہ میں وزیراعظم نوازشریف سمیت دنیا بھر سے مسلم ممالک کے مندوبین اور حکام نے شرکت کی۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ دارالحکومت ریاض کی جامع مسجد پرنس ترکی بن عبدالعزیزمیں ادا کی گئی اور ان کی تدفین العود قبرستان میں کی گئی جبکہ سعودی فرماں رواں کی آخری رسومات میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سمیت مسلم ممالک کے مندوبین اور حکام نے شرکت کی۔

شاہ عبداللہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل ہونے کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے اور انہیں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا تھا تاہم وہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انتقال کرگئے۔ سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ کےانتقال پر وزیر اعظم نواز شریف نےگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک اچھےدوست سےمحروم ہوگیا اور دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم شاہی خاندان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ چند روز قبل ہی وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران شاہ عبداللہ کی عیادت بھی کی تھی۔


امریکی صدر باراک اوباما نے بھی شاہ عبداللہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبداللہ کی انسانیت کے لیےخدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جب کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی شاہ عبداللہ کے انتقال پر شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔

واضح رہے کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز 2005 میں اپنے سوتیلے بھائی شاہ فہد بن عبدالعزیز کے انتقال کے بعد سعودی عرب کے حکمران منتخب ہوئے تھے جب کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز مکہ کے گورنر، سعودی اسپیشل گارڈ کے کمانڈر اور وزیر دفاع کے اہم عہدوں پر بھی فائز رہے۔ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے 9 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ 9 سال تک سعودی فرمانروا رہنے والے شاہ عبداللہ کو دنیا کا چوتھا امیر ترین حکمران اور آٹھواں طاقت ور ترین شخص مانا جاتا تھا اور ان کے اثاثوں کی مالیت 18 ارب ڈالر تھی۔

Load Next Story