سہہ ملکی سیریز آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی

آسٹریلیا نے 304 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا


ویب ڈیسک January 23, 2015
کپتان اسٹیون اسمتھ کی 102 رنز ناٹ آؤٹ کی ناقابل شکست اننگز نے آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: سہہ ملکی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا جب کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے، آئی این بیل نے 125 گیندوں میں 141 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا جب کہ جوئے روٹ 70 گیندوں میں 69 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 46، جیمز ٹیلر 5، جو بٹلر 25 اور روی بوپارا 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ مورگن اور کرس ووکس کوئی رن نہ بنا سکے، آسٹریلیا کے گریندر سندھو نے 2 جب کہ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، جیمز فالکنر اور موئزے ہینرکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے 304 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، 92 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیا کا ہدف حاصل کر پانا مشکل نظر آرہا تھا لیکن کپتان اسٹیون اسمتھ کی 102 رنز ناٹ آؤٹ کی ناقابل شکست اننگز نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا، دیگر کھلاڑیوں میں ایرن فنچ 32، شان مارش 45، گلین میکس ویل 37، جیمز فالکنر 35، بریڈ ہیڈن 42 اور موئزے ہینرکس 4 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس، معین علی اور اسٹیون فن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں