کراچی سے خیبر تک گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذہبی جماعتوں کااحتجاج
گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ مغرب مسلمانوں کو اشتعال دلانے کے لئے مذہب کو نشانہ بنارہا ہے دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے، لاہور میں جماعت الدعوۃ کی جانب سے فرانسیسی میگزین کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ شرکا نے مطالبہ کیا کہ فرانسیسی جریدی کے خلاف مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے، فیصل آباد میں پنجاب میڈیکل کے طلبا و طالبات کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ، طلبہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانسیسی جریدے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ درج تھا جب کہ طلبا نے حرمت رسول ﷺ کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔
کراچی میں پریس کلب کے سامنے مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے ح گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جبکہ مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسلم امہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر فرانسیسی جریدے کے خلاف کارروائی کی جائے،۔ حیدرآباد میں اتحاد اہلسنت کی جانب سے اولڈ کیمپس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جب کہ شرکا میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا، ٹنڈو آدم میں مختلف مذہبی جماعتوں ، اسکولوں کے طلبا اور اساتذہ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، گستاخ خاکہ شائع کرنے کے خلاف جے یو آئی کے کارکنوں کی جانب سے کندہ کوٹ میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا، کندہ کوٹ میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے پریس کلب سے ٹاور چوک تک احتجاجی ریلی نکالی، جیکب آباد میں بھی جے یو آئی کے کارکنوں نے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے فرانسی صدر کا پتلا نذر آتش کیا اور فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
کوئٹہ میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ڈیرہ اللہ یار میں جمعیت علماءپاکستان کے کارکنوں نے قومی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاج کیا جب کہ مقررین نے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا فرانس کا بائیکاٹ کرے۔ پشاور، صوابی ، چارسدہ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتیں گستاخانہ خاکوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور توہین آمیز خاکوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔