سی آئی ڈی اورحساس ادارے نے5ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے

گرفتار ملزمان کاتعلق لیاری گینگ کے سربراہ عذیر بلوچ کے کمانڈرسہیل عرف ڈاڈا گروپ سے ہے، پولیس


Staff Reporter January 24, 2015
حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہو ئے 2ملزمان امجد اور میثم کو حراست میں لے کر قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیا۔ فوٹو: فائل

سی آئی ڈی نے25سے زائد افرادکے قتل میں ملوث پولیس اہلکارسمیت3ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا، ایس ایس پی سی آئی ڈی گارڈن عثمان باجوہ نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ پولیس پارٹی نے گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان شیراز عرف فیصل ، محمد زبیر عرف سیاڈو اور عبد الرحیم کو گرفتار کر کے قبضے سے ایک کلاشن کوف ، 2 پستول اور دستی بم برآمدکیے ہیں۔

گرفتار ملزمان کاتعلق لیاری گینگ کے سربراہ عذیر بلوچ کے کمانڈرسہیل عرف ڈاڈا گروپ سے ہے ، ملزم محمد زبیر پولیس اہلکاراورایسٹ زون میں تعینات ہے ،ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں15پولیس اہلکاروں سمیت 25سے زائد افرادکی ٹارگٹ کلنگ کااعتراف کیاجبکہ بھتہ خوری ، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان کی درجنوں وارداتوں میں بھی ملوث ہیں،سی آئی ڈی پولیس نے دوسری کارروائی میں صدر الیکٹرانکس مارکیٹ سے عبدالغنی عرف اکرم کوگرفتار کر کے اس کی دکان سے سیٹلائٹ فون ڈیوائس ، نائٹ ویجن کیمرے ، سرکاری وائرلیس کی فریکوینسی کیچ کرنے کے آلات ، ملٹی پل ٹائم بم بلاک کرنے والے آلات ، ہائی فریکوینسی ٹریکر بمعہ ٹرانسمیشن سیٹ ، تھیم بیٹری اور دیگرانتہائی حساس نوعیت کے ممنوعہ آلات برآمدکر لیے، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ سامان خیبر پختون خواہ کے علاقے صوابی کے رہائشی شخص کوفروخت کرتاہے ۔

ملزم سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں ،علاوہ ازیں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہو ئے 2ملزمان امجد اور میثم کو حراست میں لے کر قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے چند روز قبل 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا تھا جبکہ ملزمان قتل کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔