بجلی کے منصوبوں میں صرف تھر کا کوئلہ استعمال کرنے کا فیصلہ

جامشورو میں 2 منصوبے فوری منتقل کر دیے جائینگے، درست فیصلے نہ کیے تو تاریخ معاف نہیں کریگی، وزیراعظم


یہ فیصلے ملکی ترقی میں سنگ میل ثابت ہونگے، سندھ حکومت کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کرے، پرویز اشرف۔ فوٹو: اے پی پی

وفاقی حکومت نے آئندہ بجلی کی پیداوار کے تمام تھرمل پروجیکٹس کیلیے صرف تھرکا کوئلہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاور جنریشن کے آئندہ اور موجودہ تمام منصوبوں کو تھرکول کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا، حکومت کے اس فیصلے کو نئی توانائی پالیسی کے تناظر میں سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی صدارت میں تھرکول اینڈ انرجی بورڈ کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وفاقی وزراء اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز اشرف نے کہا اگر آج ہم نے بروقت اور درست فیصلے نہ کیے تو ہمیں تاریخ معاف نہیں کرے گی، خدا نے پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، آج ہم نے نئی توانائی پالیسی کی داغ بیل رکھ دی ہے، وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے کیلیے آزاد ضمانت جاری کرے، وزارت پانی و بجلی کو سندھ اینگرو کول مائنگ کمپنی کے ساتھ ایک ہفتے کے اندر اندر کوئلہ نکالنے کے منصوبوں کے بارے میں معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ جام شورو میں دو تھرمل منصوبے فوری طور پر تھرکول پر منتقل کیے جائیں گے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جس توانائی پالیسی کی بنیاد رکھی گئی ہے وہ ہمارے اپنے قدرتی وسائل پر مبنی ہے اور اس سے غیر ملکی زرمبادلہ بچایا جا سکے گا اور اس سے انرجی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا، پاکستان کے پاس کوئلے کے بے شمار ذخائر ہیں یہ ہم پر ہے کہ ہم انھیں ملک کی ترقی کے لیے کیسے استعمال کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ فیصلے ملک کی پائیدار اقتصادی اور سماجی ترقی میں سنگ میل ثابت ہونگے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان فیصلوں پر فوری عملدرآمد کرایا جائیگا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس سی ایم سی اور اینگرو کارپوریشن کول مائن اینڈ پاور پروجیکٹ تھر کول منصوبے کے بلاک IIمیں 65 لاکھ ٹن کوئلہ سالانہ نکالنے اور1200 میگاواٹ کے بجلی گھر کیلیے کام کر رہی ہیں جس پر اخراجات کا تخمینہ 1.3ارب ڈالر ہے۔ حکومت سندھ نے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی کہ800 میگاواٹ کے موجودہ اور جامشورو میں 600 میگاواٹ کے نئے بجلی گھروں کا ڈیزائن تھر کے کوئلے پر تیار کیا جائے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ ان بجلی گھروں کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی مدد سے کوئلے پر چلانے کیلیے جینکو اور ایس ای سی ایم سی کے درمیان ایک ہفتے کے اندر معاہدہ کرایا جائے۔

دریں اثنا گورنر ہائوس کراچی میں گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیراعلٰی قائم علی شاہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا حکومت ملک بھر میں بارش سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدا مات کر رہی ہے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیںگے۔ کراچی میں امن کیلیے صوبائی حکومت مزید مربوط حکمت عملی اختیار کرے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے بھاری اکثریت سے بلدیاتی آرڈیننس کی منظوری کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ ملک کی ترقی میں بھی یہ پہلا قدم ثابت ہوگا۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات میں پرویز اشرف نے کہا ہم مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیرخارجہ حناربانی کھر نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور اپنے دورہ امریکہ اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں