عامر کے بعد پی سی بی دیگر اسپاٹ فکسرز پر بھی مہربان

سلمان بٹ اور محمد آصف کا کیس آئی سی سی میں پیش کرنے کا عندیہ دے دیا


Sports Desk January 25, 2015
نوجوان پیسر کی کاؤنٹی میچز میں انٹری کیلیے کوشش، ویزا پانے میں مشکلات ہوں گی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: عامر کے بعد پی سی بی دیگر اسپاٹ فکسرز پر بھی مہربان نظر آنے لگا، سلمان بٹ اور آصف کا کیس بھی آئی سی سی میں پیش کرنے کا عندیہ دیدیا گیا۔

ادھر عامر کی کاؤنٹی کرکٹ میں انٹری کیلیے درپردہ کوششیں شروع ہوگئیں، لندن کی جیل میں قید رہنے کے باعث برطانوی ویزے کے حصول میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فکسنگ کیس میں پانچ برس پابندی کی سزا بھگتنے والے عامر کی آئندہ ماہ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع ہے،ان کے ساتھ اسی کیس میں گرفتار ہونے والے سلمان بٹ اور آصف کو بھی امید کی کرن دکھائی دینے لگی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کو ہدایت کی کہ وہ بھی پابندی کے حوالے سے شرائط پوری کریں تاکہ ان کا کیس بھی آئی سی سی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ بورڈ دونوں پر نظر رکھے گا اور مزید 5 ماہ انتظار کے بعد کیس اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کو کلیئرنس کیلیے بھیجا جائیگا، وہاں سے منظور ی کے بعد ہی دونوں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔

عامر کی بھی مقامی میچز میں واپسی کی اجازت رواں ماہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں دی جائیگی۔ پاکستان میں رواں سیزن کا اختتام آئندہ ماہ ہونے والا ہے، نیا سیزن اکتوبر میں شروع ہوگا۔ عامر کی واپسی ورلڈ کپ کے بعد قومی سپر 8 ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں ہوسکتی ہے لیکن کچھ لوگ انھیں کاؤنٹی کرکٹ میں کھلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس سلسلے میں پیسر کے ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے کچھ کاؤنٹیز پس و پیش سے کام لے سکتی ہیں تاہم کسی کو دلچسپی ہونا بھی خارج از امکان نہیں، عامر کی فوری طور پر انگلینڈ واپسی میں وہاں کے قوانین بھی حائل ہونگے، جن کے تحت اگر کسی بھی مجرم نے برطانیہ میں 12 ماہ سے کم قید کی سزا کاٹی ہے تو وہ رہائی کے اگلے پانچ برس تک واپس نہیں لوٹ سکتا، اب یہ تو عامر کی جانب سے ویزے کیلیے اپلائی کرنے کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ انھیں اس حوالے سے بھی خصوصی رعایت مل سکتی ہے یا نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |