مالیاتی خسارہ پورا کرنے کیلیے حکومت کا مقامی ذرائع پر انحصار بڑھ گیا

جون 2014میں مقامی قرضوں کی مجموعی مالیت 10.90ٹریلین روپے تھی جو پانچ ماہ کے دوران بڑھ کر 11.37ٹریلین تک پہنچ گئی۔


Business Reporter January 26, 2015
پانچ ماہ کے دوران مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.4فیصد زائد رہی۔ فوٹو: فائل

مالیاتی خسارہ پورا کرنے کے لیے حکومت کا مقامی ذرائع پر انحصار بڑھ گیا ہے۔ جولائی سے نومبر کے دوران مقامی قرضوں میں 469ارب روپے کا اضافہ ہوا اور مقامی قرضوں کی مجموعی مالیت 11.37ٹریلین روپے تک پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مانیٹری پالیسی انفارمیشن کمپینڈیم کے مطابق جون 2014میں مقامی قرضوں کی مجموعی مالیت 10.90ٹریلین روپے تھی جو پانچ ماہ کے دوران بڑھ کر 11.37ٹریلین تک پہنچ گئی۔ قرض گیری کے لیے حکومت کا اسٹیٹ بینک پر انحصار کم ہوا تاہم کمرشل بینکوں پر بڑھ گیا۔

حکومت نے پانچ ماہ کے دوران کمرشل بینکوں سے 407 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے، اسی دوران مرکزی بینک کو 253ارب روپے کے قرضے لوٹادیے گئے۔ نان بینک ذرائع سے پانچ ماہ کے دوران 315ارب روپے کے قرضے لیے گئے جن میں نیشنل سیونگز سے حاصل کردہ 173 ارب روپے اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ 142 ارب روپے کے قرضے شامل ہیں۔

پانچ ماہ کے دوران مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.4فیصد زائد رہی۔ جولائی سے نومبر 2014 کے دوران مقامی قرضوں پر 485ارب روپے کا سود ادا کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں سود کی مد میں 455ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔ رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران کی جانے والی سودی ادائیگیوں میں 205ارب روپے مستقل قرضوں، 180 ارب روپے فلوٹنگ اور 99 ارب روپے ان فنڈڈ قرضوں پر سود کی مد میں ادا کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں