امریکا ملافضل اللہ کو زندہ یا مردہ پکڑنے کیلئے پاکستان کی مدد کو تیار

امریکا نے ملا ٖفضل اللہ کے ٹھکانے پرڈرون حملہ کیالیکن وہ بچ نکلا، سیکریٹری دفاع کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بریفنگ

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی حکام کو ملا فضل اللہ سے متعلق ثبوت فراہم کئے,سیکریٹری دفاع فوٹو: فائل

لاہور:
سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)عالم خٹک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کو بتایا ہے کہ امریکا افغانستان میں ملا فضل اللہ کو مارنے یا اسے زندہ پکڑنے کے لئے پاکستان کی مدد کو تیار ہوگیا ہے۔


پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر سید مشاہد حسین کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)عالم خٹک نے کمیٹی کو آرمی چیف کے دورہ امریکا اور پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمیٹی کے ارکان نے وزیر دفاع کی عدم شرکت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےامریکی حکام کو پاکستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق آگاہ کیا ہے اور اپنے دورہ امریکا کے دوران اس سلسلے میں تمام ثبوت فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا غلط فہمیاں ختم ہوگئی ہیں،امریکانےدہشتگردی کےخلاف جنگ کےلیےاتحادی فنڈ میں توسیع کردی ہے۔ امریکا افغانستان میں ملا فضل اللہ کو مارنے یا اسے زندہ پکڑنے کے لئے پاکستان کی مدد کرنے پر تیار ہوگیا ہے۔ گزشتہ دنوں امریکا نے ملا فضل اللہ کے ٹھکانے پرڈرون حملہ کیا لیکن وہ بچ نکلا۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد امریکا کا زیادہ تر اسلحہ پاکستان کے راستے سے واپس جارہا ہے۔ امریکا نے اس میں سے کچھ اسلحہ پاکستان کو دینے کی بھی حامی بھری ہے۔
Load Next Story