HARIPUR:
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دورہ چین کے دوران اعلی چینی قیادت سے ملاقاتیں کیں جبکہ چینی رہنماؤں نے پاکستان کے خدشات کو اپنے خدشات قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چیئرمین پیپلزکانفرنس ژو ینگشینگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلزکانفرنس کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کا سب سے زیادہ پراعتماد دوست ملک ہے، پاکستان کے خدشات ہمارے خدشات ہیں، چینی حکومت اورعوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر سطح پر دوست ملک کی مدد کی جائے گی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی قیادت کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت اور تعاون پراظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے عالمی تعاون ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے چینی وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی جب کہ ملاقات کے دوران چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ چین کے لئے پاکستان کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا اور دونوں ملکوں کی منزل ایک ہے۔