پرویزرشید کے خطاب کے دوران تحریک انصاف کے نمائندے نے تقریب کا بائیکاٹ کردیا

وفاقی وزیراطلاعات کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی رہنما فیاض چوہان نے مداخلت کی جس پر انہیں روکا گیا تو وہ اٹھ کر چلے گئے۔


January 26, 2015
پرویز رشید گستاخانہ خاکوں پر مسلمانوں کی صحیح نمائندگی نہیں کر رہے،فیاض الحسن چوہان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

MULTAN:

پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس اس وقت شدید بدمزگی کا شکار ہوگئی جب وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کے خطاب کے دوران رہنما تحریک انصاف فیاض الحسن چوہان نے بولنا شروع کردیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان علما کونسل کے تحت آل پارٹیز کانفرنس سے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران پی ٹی آئی کے فیاض الحسن چوہان نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز رشید گستاخانہ خاکوں پر مسلمانوں کی صحیح نمائندگی نہیں کر رہے جس پر منتظمین نے انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی جس پر وہ طیش میں آکر تقریب سے اٹھ کر چلے گئے۔ فیاض الحسن چوہان کے تقریب سے یوں چلے جانے پر منتظمین نے شدید غصے کا اظہار کیا۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺنے ہمارے دلوں کو منورکیا اور کوئی بھی مسلمان ان کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا، دنیا بھر میں اسلام کے اربوں پیروکار موجود ہیں، کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ کسی نبی کی شان میں گستاخی کرے اور ہم کہتے ہیں کہ نہ آپ ہمارے مذہب کو چھیڑیں اور نہ ہم چھیڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پاکستان میں موجود ویٹی کن کے نمائندوں کو پوپ فرانسس سے بات کرنی چاہیئے، دوسروں کی دل آزادی کرنے والے لوگوں کو تنہا کیا جائے اور مذہب کے درمیان تصادم کو نہ ہونے دیا جائے۔


اے پی سی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مکالمے کی پیش کش کو قبول کرتے ہیں، شیریں مزاری جس مقام پر چاہیں بحث کرلیں اور تاریخ اور وقت بتادیں ہم بحث کو تیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں