کمرشل ڈیل

اب آپ ہی بتایئے! یہ زندگی بھر کے لئے محبت، پیار، درگزرکی اینٹوں پر قائم ہونیوالا رشتہ کہلائے گا یا پھر کمر شل ڈیل؟؟

دونوں اپنے اپنے حساب سے سامنے والی پارٹی سے خوب بھاؤ تاؤ کرنے کے بعد شادی کا پروگرام طے کرتے ہیں۔ فوٹو: فائل

دو ملکوں کے درمیان کمرشل ڈیل ہوتے ہوئے دیکھی ہے کبھی آپ نے؟ ایک میز کے پیچھے کرسیوں پر بیٹھے دو لوگ اپنے سامنے رکھے کاغذات پر دستخط کررہے ہیں، دائیں، بائیں کھڑے افراد رہنمائی کررہے ہوتے ہیں ۔۔۔۔ سر سائن یہاں کیجئے! ان سب کے پیچھے کچھ اور لوگ ہاتھ باندھے دیدے گھماتے ہوئے یہ سارا منظر دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔۔۔۔ بس یہاں دستخط ہوئے، فائلوں اور مبارک باد کا تبادلہ ہوا اور ۔۔۔ یوں ڈیل ہوگئی۔

آپ کچھ بھی کہیں لیکن حقیقت یہ ہے اب ایسی ڈیل نئے خاندان بنانے کے موقع پر بھی ہونے لگی ہے بس تھوڑا سا فرق ہوتا ہے وہاں حکومتوں کے نمائندے ہوتے ہیں اور اِدھر ماؤں کے لعل ہوتے ہیں۔ وہاں سرکار کے لوگ پیچھے کھڑے ہوکر دستخط کرواتے ہیں اِدھر قاضی صاحب کی موجودگی میں یہ مرحلہ طے ہوتا ہے۔

بتایا جاتا ہے، بیٹا اِدھر دستخط کریں، ہاں اِدھر ۔۔ مبارک سلامت وہاں بھی ہوتی ہے، گلے ملنے کا سلسلہ اِدھر بھی ہوتا ہے۔ ایک اور فرق ہے کہ وہاں دو ملکوں کے درمیان ہو نے والی ڈیل کے نتیجے میں کچھ امداد ہاتھ آتی ہے، کچھ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی باتیں ہوتی ہیں، کچھ کاروبار بڑھانے کی با تیں ہوتی ہیں، دہشت گردی گھٹانے کے تذکرے ہوتے ہیں، سرحدوں کے درمیان فاصلے کم کرنے، محبتیں پھیلانے کے فارمولے طے کئے جاتے ہیں اور اِدھر ۔۔۔۔ دو خاندانوں کے اکھٹے ہوکر ایک اور خاندان کی بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا ہوتا ہے؟؟

نکاح نامے پر دستخط سے پہلے لڑکی والوں کی طرف سے ٹرک بھر کر سامان لڑکے والوں کی طرف جارہا ہے، جسے دیکھ کر لڑکے والے خوش ہوتے ہیں وہیں لڑکی کے گھر والوں کی طرف سے مہر کی رقم کا مطالبہ سن کر اُن کی خوشی ٹھس ہونے لگتی ہے۔۔ دونوں اپنے اپنے حساب سے سامنے والی پارٹی سے خوب بھاؤ تاؤ کرنے کے بعد شادی کا پروگرام طے کرتے ہیں۔


ہرہرچیز، ہرہر کام ناپ تول کر ہوتا ہے کہ انہوں نے ایسا کیا، ہم اس طرح کریں گے۔۔۔ وہ ایسا کررہے ہیں، اِس لئے ہم یوں کررہے ہیں۔۔
کیا خیا ل ہے! نئے خاندان کی مضبوط بنیاد ٹرک بھر جہیز اور تگڑے مہر پر رکھی جاتی ہے؟ یوں معلوم ہوتا ہے کہ لڑکا بالکل کنگال، قلاش گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اس لئے جہیز کے نام پر سوئی سے لے کر ہاتھی تک ہر چیز وصول کی، کوئی رعائت، کوئی نرمی نہیں کی، جواباً لڑکی والوں نے بھی حساب چکتا کرنے میں کسر نہ چھوڑی، مہر اتنا رکھ دیا کہ الٹا سیدھا فیصلہ کرتے وقت سو مرتبہ سوچے۔۔۔

اب آپ ہی بتایئے! یہ زندگی بھر کے لئے محبت، پیار، درگزرکی اینٹوں پر قائم ہونے والا رشتہ کہلائے گا یا ۔۔۔۔۔۔۔۔ پھر کمر شل ڈیل؟؟

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔
Load Next Story