رینجرز نے سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے گھر پر چھاپہ مار کر مغوی کی والدہ اور 15 لاکھ روپے برآمد کرلئے جبکہ احمد چنائے نے الزامات کی تردید کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے گھر پر اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مغوی نوجوان کی والدہ اور گھر سے 15 لاکھ روپے برآمد کرلئے جب کہ رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد چنائے اغوا برائے تاوان کے ملزموں سے ملے ہوئے ہیں جب کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران احمد چنائے مغوی لاریب کی والدہ کی فون پرملزموں سے بات کرا رہے تھے جب کہ ان کے گھر پر چھاپے کے کچھ دیر بعد ملزم مغوی کو چھوڑ کرچلے گئے۔
دوسری جانب سی پی ایل سی چیف نے رینجرز کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کو غلط فہمی ہوئی تھی جو ان کے ہیڈکوارٹر جاکر دور کردی گئی ہے ، میرے گھر سے 15 لاکھ روپے اور کسی مغوی کی والدہ کو بازیاب نہیں کرایا گیا جب کہ اس حوالے سے رینجرز حکام اور گورنر سندھ سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال سے کراچی کے عوام کی خدمت کرر ہا ہوں اور اس قسم کے الزامات سے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،حکام الزامات کی عدالتی انکوائری کرائیں۔