21 آئینی ویں ترمیم اور فوجی عدالتوں کے قیام پر حکومت سے جواب طلب

لاہورہائیکورٹ بار کی جانب سے دائر درخواست میں حامد خان بطور وکیل پیش ہوئے۔

چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے 21 ویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کے قیام پر پر وفاق سمیت چاروں صوبائی حکومتوں سے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 21 ویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کے خلاف لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل پاکستان اور اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو 21 ویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق 2 ہفتوں میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تاہم عدالت عظمیٰ نے درخواست گزار کی جانب سے فوجی عدالتوں کےقیام اور انہیں کام سے روکنے کے لیے زبانی استدعا کو مسترد کردیا۔

واضح رہے کہ پاکستان بار کونسل نے بھی فوجی عدالتوں کی مخالفت کرتے ہوئے21 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کےقیام سے عدلیہ کی آزادی کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پارلیمنٹ قانون سازی کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے لیکن وہ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کرسکتی لہٰذا 21 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔



 

Load Next Story