پشتونخوا میپ کے ڈاکٹر کلیم اللہ کوئٹہ کے میئر اورن لیگ کے محمد یونس ڈپٹی میئر منتخب
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نامزد امیدوار کلیم اللہ کاکڑ کوئٹہ کے میئر اور مسلم لیگ(ن) کے محمد یونس لہڑی ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ کو پشتونخوا میپ کی جانب سے میئر شپ کے لئے نامزد کیا گیا تھا جنہیں نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حمایت حاصل تھی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں میئراور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لئے پولنگ کے عمل میں 84 منتخب کونسلروں نے حصہ لیا جس میں کلیم اللہ کاکڑ 54 ووٹ حاصل کر کے کوئٹہ کے میئر منتخب ہوگئے جب کہ محمد یونس لہڑی 65 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ، اسی طرح کوئٹہ کی یونین کونسل ژرخو سے آزاد امیدوار محمد اعظم چیرمین اور محمد اسحاق وائس چیرمین منتخب ہوئے، جھل مگسی کی گندھاوا میونسپل کمیٹی سے مگسی پینل کے عبدالغنی شاہ حسینی چیرمین اور فضل حسین سومرو وائس چیرمین منتخب ہوئے جب کہ مسلم باغ کی تحصیل میونسپل کمیٹی سے پشتونخواہ میپ کے سردارآصف خان چیرمین اورفقیرخان وائس چیرمین منتخب ہوئے۔
میونسپل کمیٹی زیارت سے پشتونخواہ میپ کے ذبیح اللہ چیرمین اورعبد العلیم وائس چیرمین منتخب ہوئے اسی طرح قلات سے مسلم لیگ (ن )کے میربابرک زہری بلامقابلہ ضلعی چیرمین اورجے یوآئی (ف)کے حافظ ابراہیم لہڑی وائس چیرمین منتخب ہوئے۔ ریٹرنگ آفیسر کے مطابق میونسپل کارپوریشن چمن اورضلع کونسل قلعہ عبداللہ کے انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں جہاں الیکشن کمیشن نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کرے گا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں میئراور ڈپٹی میئر سمیت 725 چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کے چناؤ کے لئے پولنگ تین مراحل میں ہوئی جس میں صوبے کے 32 اضلاع میں 10 ہزار 600 کونسلرز ایک میٹرو پولیٹن ، 4 میونسپل کارپوریشن، 32 ڈسٹرکٹ کونسلز، 54 میونسپل کمیٹیوں اور 635 یونین کونسلرز کا انتخاب کیا گیا۔