حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی قافلے پر حملے کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی سرحدی علاقے شیبا فارمز میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ لبنان کی مزاحمت کار جماعت حزب اللہ نے اپنے ٹی وی چینل المنار پر ویڈیو پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں اسرائیلی فوجی قافلے میں شامل 9 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ کے راکٹ حملے کے بعد اسرائیل نے سرحد کے قریب جنگی ٹینکوں کو تعینات کردیا جب کہ صیہونی فوج کی جوابی کارروائی کے بعد لبنانی سرحد کے قریب دھواں فضاؤں میں بلند ہوتا دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ 18 جنوری کو اسرائیل کی جانب سے لبنانی سرحد کے قریب راکٹ حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک ایرانی جنرل اور حزب اللہ کے کئی ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔