امریکا میں سنگ دل ماں نے 3 بچوں کے گلے کاٹ دیئے

بچوں کے مسلسل رونے پر ماں نے طیش میں آکر ان کے گلے پر تیز دھار آلہ پھیر دیا


ویب ڈیسک January 28, 2015
پولیس نے مقدمہ درج کرکے خاتون کو گرفتار کرلیا، فوٹو سی این این

مغربی معاشروں میں رفتہ رفتہ وقت کی جدت جہاں انسانی رشتوں کی اہمیت کو ختم کرتی جارہی ہے وہیں ماں جیسی ہستی کی محبت پر بھی ذاتی آرام و سکون حاوی آتا جا رہا ہے اور ایسا ہی ایک ہولناک واقعہ پیش آیا امریکا میں جہاں سنگدل ماں نے اپنا مامتا کو روندتے ہوئے مسلسل رونے پر شیر خوار بچوں کا گلا کاٹ دیا لیکن خوش قسمتی سے ان معصوموں کی زندگی بچ گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن کی رہائشی خاتون نے مسلسل رونے پر اپنے 3 بچوں کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے بچے بہت روہے ہیں اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے جس پر پولیس جب میڈیکل ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچی تو گھر کا منظر دل دہلا دینے والا تھا جہاں کمرے میں دو 6 ماہ کے جڑواں بچے خون میں لت پت تڑپ رہے تھے یہ منظر دیکھ کر جب پولیس افسر گھر کی تلاشی لینے اوپر کی جانب بڑھا تو وہاں 2 سالہ تیسرا بچہ بھی بیڈ پر خون میں تر تڑپ رہا تھا، پولیس نے بچوں کی حالت دیکھ کر انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

دوسری جانب بچوں کا گلہ کاٹنے والے سنگ دل ماں نے پولیس کو بتایا کہ تینوں بچوں کی دیکھ بھال نے اسے سخت پریشان کردیا تھا اور اس سلسلے میں اس کا شوہر اس کی کوئی مدد بھی نہیں کرتا تھا اسی لیے بچوں کے مسلسل رونے پر وہ طیش میں آگئی اور ان کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹنے کی کوشش کی، پولیس نے خاتون پر مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں