جاپان بندرگاہ سیکیورٹی اور توانائی بچت کیلیے 19 کروڑ دیگا

پورٹ قاسم وکراچی کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کیلیے ایکسرے وموبائل یونٹس قائم کیے جائیں گے

منصوبوں کے سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

جاپانی حکومت پاکستان کو بندرگاہوں کی سیکیورٹی میں بہتری اور فراہمی آب کے نظام میں توانائی کی بچت کے 2 منصوبوں کے لیے 1کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گی۔

اس ضمن میں بدھ کو وزارت خزانہ میںمنعقدہ تقریب میں جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا اور سیکریٹری خزانہ اقتصادی امور ڈویژن محمد سلیم سیٹھی نے معاہدوں پر دستخط کردیے، اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ معاہدوں کے مطابق جاپان 2 ارب ین (1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر) کے 2 گرانٹ ایڈ پروجیکٹس کے ذریعے کراچی میں پورٹس سیکیورٹی کے نظام کو مضبوط اور لاہور میں واٹر سپلائی کے نظام میں انرجی کی بچت کے لیے واٹر سپلائی کی جدید مشینری لگائی جائے گی، زیر زمین 105 خستہ حال واٹر پمپس کو جدید پمپس سے بدلا جائے گا جو انرجی کی بچت میں معاون ثابت ہونگے۔


اسی طرح ٹیوب ویلز کی صحیح کارکردگی اور دیکھ بھال کیلیے انرجی آڈٹ کے آلات متعارف کرائے جائیں گے، ان دونوں اقدامات سے واسا لاہور کے انرجی کے بلند اخراجات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی، کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر سیکیورٹی کی بہتری کے منصوبے کے تحت کنٹینر انسپیکشن کے لیے 3 ایکسرے یونٹ کی تنصیب کیلیے تمام تر سامان فراہم اور موبائل یونٹ قائم کیا جائے گا، مشینری کے استعمال اور دیکھ بھال کے لیے ٹریننگ بھی دی جائیگی۔

اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا بلکہ کنٹینر کارگو کی کسٹم کلیئرنس بھی عالمی معیار کے مطابق کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی انوماتا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ جاپان کے دوران حکومت جاپان نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ جاپان پاکستان کی معاشی و مالیاتی اصلاحات اور سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کی کوششوں میں بھرپور تعاون فراہم کریگا، یہ دونوں منصوبے جاپان کے اس عہد کی سچی ترجمانی ہیں۔
Load Next Story