لاہور:
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کا استعفیٰ اس جانب اشارہ ہے کہ ملک میں تمام سہولتیں امرا کے لئے ہیں اور ملک میں قبضہ گروپ زیادہ طاقتور ہے۔
بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جو باتیں گورنر پنجاب نے کیں وہ میں کئی سالوں سے کررہا ہوں جب کہ ملک میں دو بڑی سیاسی جماعتوں کا مک مکا ہوا ہے جس کی وجہ سے سب سے طاقتور قبضہ مافیا ہے جس کے کہنے پر ہر کام ہوتا ہے اور یہی قبضہ مافیا اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکس شرح دنیا میں سب سے کم ہے اور جمہوریت کا حسن ہے کہ پیسہ جمع کیا جائے اور عوام پر خرچ کیا جائے لیکن شریف برادران نے اپنے اثاثے اس لئے ظاہر نہیں کئے کیوں کہ وہ ٹیکس سے بچنا چاہتے ہیں، شہبازشریف کا18کروڑملک سے باہراور10 کروڑ ملک میں ہے،کیا یہ ماننے والی بات ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کس ملک میں ایساہوتاہےجہاں پولیس آدمی کوغائب کردیتی ہے، حکومت نے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، بتایا جائے کہ کس کےکہنے پر چنیوٹ کی 4 بچوں کی ماں آمنہ کوجیل میں ڈالا گیا، خاتون کا شوہرکئی روز سےلاپتا تھا اورشوہرکاقصوریہ تھاکہ وہ رمضان شوگرملز میں ملازم تھا اور اسے دھمکانے کے لئے اس کی بیوی کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادعدلیہ، میڈیا اورصاف شفاف الیکشن پرجمہوریت کا انحصارہے، آرٹیکل 218 کےمطابق انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنادیاجائے لیکن حکومت اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔
فوجی عدالتوں سے متعلق سوال پر عمران خان کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ملٹری کورٹس کی حمایت کی ہے جب کہ حامد خان عدالت میں فوجی عدالتوں کے خلاف صرف وکلا کا موقف پیش کررہے ہیں۔