عمران خان اُس انصاف کو مانتے ہیں جو چیرمین تحریک انصاف کا ہوتا ہے پرویز رشید
وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق اگر جوڈیشل کمیشن انتخابات کو شفاف قرار دے دے تو اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ عمران خان اس کے خلاف دھرنا نہیں دیں گے جب کہ عمران خان اس انصاف کو مانتے ہیں جو چیرمین تحریک انصاف کا ہوتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اس انصاف کو مانتے ہیں جو چیئرمین تحریک انصاف کا ہوتا ہے اور وہ ایسے الزامات دہراتے رہیں گے جنہیں دنیا کی کوئی عدالت نہیں مانتی جب کہ جو فیصلہ ان کے حق میں آجائے اس پر خوشی مناتے ہیں اور جو حق میں نہ ہو اس کے خلاف عدالت پہنچ جاتےہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 4 حلقے کھولنے کی بات کرتے تھے اور چاروں حلقے ٹریبونل میں کھل چکے ہیں لیکن 8 ماہ تک وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم جس ٹریبونل رپورٹ پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اب اسی کے خلاف بھی درخواست دے دی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ چیرمین تحریک انصاف غبن کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب شخص کا مقدمہ میڈیا پر لڑتے رہے جس کی درخواست عدالت نے مسترد کردی ہے، رمضان شوگر مل وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے بیٹے کی 1991 سے ملکیت ہے اور اس کے بارے میں بھی انہوں نے حسب عادت جھوٹ بولا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں، پل ، تعلیمی ادارے اور اسپتال نہ بنے تو سیاستدانوں کو اعتراض ہوتا ہے لیکن عمران خان کو چنیوٹ میں پل بننے پراعتراض ہے اور وہ فلاح کے لئے بننے والے ہر منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔
سابق صدر پرویز مشرف کا سعودی عرب جانے سے متعلق درخواست پر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے اس لئے انہیں سعودی عرب جانے کے لئے وزارت داخلہ میں نہیں بلکہ سپریم کورٹ میں درخواست دینی چاہئے۔