کسٹمزومیری ٹائمز سیکیورٹی نے شراب کی اسمگلنگ ناکام بنادی

کھلے سمندر میں مشترکہ کارروائی کے دوران غیرملکی شراب اوربیئر قبضے میں لے لی گئی


Business Reporter January 30, 2015
کھلے سمندر میں کارروائی کے دوران شراب، بیئر اور وائن کی 13500 بوتلیں اور کین برآمدکی گئیں اورضبط کیے جانے والے سامان کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس کراچی اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے مشترکہ آپریشن کے دوران کھلے سمندر میں چھاپہ مار کربھاری مقدار میں غیرملکی شراب اور بیئر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے اور اسمگل ہونے والی ممنوعہ اشیا قبضے میں لے لیں۔

دونوں محکموں نے سمندری راستے سے غیرملکی شراب کی بھاری مقدار اسمگل ہونے کی ایک خفیہ اطلاع پرمشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جس کے تحت پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اپنے بحری جہاز اِسپیڈ بوٹس اور ہوائی جہازوں کو نگرانی پر مامور کردیا اور سمندری راستوں کی نگرانی سخت کردی، اس دوران مشکوک لانچوں کی جانچ پڑتال کی جاتی رہی جبکہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب ایک مشکوک بوٹ کو قبضے میں لے لیا گیا۔

یہ بات ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل اطہر مختار(ستارہ امتیاز ملٹری) نے ڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس کراچی محمد آصف مرغوب صدیقی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کموڈور ریحان عزیزاورمیری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اورکسٹم انٹیلی جنس کے حکام بھی موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کھلے سمندر میں کارروائی کے دوران شراب، بیئر اور وائن کی 13500 بوتلیں اور کین برآمدکی گئیں اورضبط کیے جانے والے سامان کی مالیت کروڑوں روپے ہے، یہ ممنوعہ سامان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے 28 جنوری کو کسٹم انٹیلی جنس کے حوالے کر دیا تا کہ ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس آصف مرغوب صدیقی نے بتایا کسٹم ایکٹ مجریہ 1969 کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان کسٹم کورٹ میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی کا عمل لائی جاری ہے۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ان کے تعاون سے بھاری مقدار میں غیرملکی ڈیزل اور منشیات ضبط کی گئی تھی۔ ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ یہ آپریشن ایف بی آر کی تشکیل شدہ اینٹی اسمگلنگ اسٹریٹجی کے تحت اور ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس لطف اللہ ورک کی ہدایت کی روشنی میں کیا گیا اور اسمگلنگ کی لعنت کے خلاف اس طرح کے آپریشن مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ریئر ایڈمرل اطہر مختارنے بتایا کے پی ایم ایس اے میری ٹائم زونز کی نگرانی کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں