اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلیے قانون سازی کا حکم

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے قبل سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں مستقل قانون سازی کی جائے، کمیشن کا فیصلہ

ڈپٹی سیکریٹری الیکشن کمیشن کی تجاویز اور سفارشات بھی شیئرکرنیکی ہدایت۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے حکومت کوصوبہ پختونخواکے بلدیاتی انتخابات سے قبل بیرون ملک مقیم45 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے کے لیے قانون سازی کرنے کاحکم دیا ہے۔


چیف الیکشن کمشنرجسٹس رٹائرڈسرداررضاخان کی سربراہی میں5 رکنی کمیشن نے پاکستانی نژاد امریکی شہری مسماۃ ڈاکٹر فرحت صدیقی کی درخواست پر فیصلہ دیا۔ عام انتخابات سے2 روز قبل جاری ہونے والے صدارتی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے پر درخواست گزارنے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیارکیاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کے لیے مستقل قانون سازی کی جائے جس پر عدالت نے درخواست گزار کو پہلے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔15جنوری کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں5 رکنی کمیشن نے درخواست کی سماعت کی۔

وکلا کے دلائل کے بعد الیکشن کمیشن نے حکم دیاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ووٹ اوورسیز پاکستانیوں کا قانونی حق تسلیم کیاگیاہے اس لیے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں قانون سازی کاعمل جتنا جلدہوسکے مکمل کیاجائے اورالیکشن کمیشن سے قانون سازی کے لیے تجاویزاورسفارشات کوبھی شیئر کیاجائے۔ الیکشن کمیشن کو وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ڈپٹی سیکریٹری غلام سرورنے بتایاکہ آرڈیننس کے زائدالمیعاد ہونے سے پہلے ہی اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کابل سینیٹ میں پیش کیاگیااور ایوان نے بل کومتعلقہ قائمہ کمیٹی کوبھیج دیا تھا جو ابھی تک قائمہ کمیٹی کے پاس زیرغورہے۔
Load Next Story