طعنہ سننے سے بچنے کیلئے دہشتگردی کے خلاف حکومت کا ساتھ دیا عمران خان

تاجروں کو دھمکی ملنا ملک کے خلاف سازش ہے جس کا وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس لینا چاہئے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 30, 2015
پیٹرول بحران کا پہلے کبھی نہیں سنا تھا لیکن اب یہ دیکھنے کو بھی مل گیا، عمران خان فوٹو: آغا مہروز/ایکسپریس/فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کا ساتھ اس لئے دیا کہ ہمیں طعنہ نہ سننا پڑے کہ ہم اس جنگ میں رکاوٹ ہیں لہٰذا حکومت کے پاس دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا اب کوئی بہانہ نہیں بچتا اس لئے وہ ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کراچی میں تاجروں کو ملنے والی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو دھمکی ملنا ملک کے خلاف سازش ہے جس کا وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس لینا چاہئے، ہم تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن طریقے سے ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے پیٹرول بحران کے حوالے سے کہا کہ پیٹرول بحران کا پہلے کبھی نہیں سنا تھا لیکن اب یہ دیکھنے کو بھی مل گیا، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت گرنے کے باوجود حکومت نے عوام کو اس کا پورا فائدہ نہیں پہنچایا اور 300 ارب روپے کمائے جب کہ اس کی قیمت مزید 20 روپے کم ہونی چاہئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کا شدید بحران ہے جس پر قابو پانے میں حکومت ناصرف بری طرح ناکام ہوگئی ہے بلکہ اس کی قیمت کم کرنے کے بجائے بڑھار رہی ہے۔ سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی ووٹنگ خفیہ نہیں بلکہ اوپن ہونی چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں