ہالینڈ میں مسلح شخص کی نیوز چینل کے لائیو پروگرام میں گھس کر مطالبات منوانے کی کوشش

نوجوان نے دھمکی دی کہ اگر اسے کوریج نہ دی گئی تو وہ ملک بھر میں دھماکے کردے گا، پولیس


ویب ڈیسک January 30, 2015
گرفتار 19 سالہ ملزم کیمسٹری کا طالب علم ہے جس نے اپنے آپ کو خفیہ ادارے کا کارکن ظاہر کرکے ٹی وی چینل میں داخل ہوا، پولیس فوٹو: گیٹی امیجز

ہالینڈ کے شہر ہلورسم میں مسلح شخص ٹی وی چینل کے اسٹوڈیو میں داخل ہوگیا اور مطالبہ کرتا رہا کہ اسے لائیو کوریج دی جائے جب کہ ٹی وی پر مناظر آنے کے بعد فوری طور پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے ٹی وی چینل ''این او ایس'' میں پینٹ کوٹ میں ملبوس ایک شخص اس وقت داخل ہوا جب ایک سیاسی پروگرام براہ راست نشر کیا جا رہا تھا، سرپھرے نوجوان نے ٹی وی چینل کے دفتر میں داخل ہوکر پہلے عملے کو یرغمال بنایا اور پھر اسٹوڈیو پہنچ گیا جب کہ نوجوان کا مطالبہ تھا کہ اسے براہ راست نشریات میں وقت دیا جائے۔ ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر کے مطابق مسلح شخص نے کالا سوٹ، سفید شرٹ اور کالی ٹائی باندھ رکھی تھی جو مرکزی اسٹوڈیو میں جانا چاہتا تھا لیکن گارڈ اسے اسٹوڈیو میں لے گیا جہاں سے خبرنامہ نشر کیا جارہا تھا تاہم ملزم کے کئی مطالبات تھے جن میں سے ایک 10 منٹ تک اسے براہ راست کوریج دینا بھی تھا۔


دوسری جانب چینل کی کوریج معطل ہونے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو اسٹوڈیو سے حراست میں لے لیا جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار 19 سالہ ملزم کیمسٹری کا طالب علم ہے جو اپنے آپ کو خفیہ ادارے کا کارکن ظاہر کر کے عمارت میں داخل ہوا اور انتظامیہ سے مطالبات کرنے لگا جب کہ ملزم نے اس دوران دھمکی دی کہ اس نے ملک کے مختلف علاقوں میں دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا ہے اور اگر اسے براہ راست کوریج نہ دی گئی تو وہ دھماکے کردے گا۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں