القاعدہ نے فرانس کو اسلام کا سب سے بڑا دشمن قرار دے دیا
القاعدہ کے ایک اہم رہنما ابراہیم الربائش کا کہنا ہے کہ فرانس اسلام دشمنی میں امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ چکا ہے اور ہم اسے اسلام کا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں۔
یمن میں القاعدہ کے مرکزی رہنما ابراہیم الربائش کا اپنے ایک مختصر پیغام میں کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ سالوں میں امریکا کے کمزور ہونے کے بعد فرانس نے اسلام دشمنی میں اس کی جگہ لے لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم فرانس کو اسلام کا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ القاعدہ کے یمن ونگ کو انتہائی خطرناک دہشت گرد گروپ تصور کیا جاتا ہے اور رواں ماہ فرانس میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے میگزین چارلی ہیبڈو پر حملے کی ذمہ داری بھی اسی گروپ سے قبول کی تھی جس میں گستاخانہ خاکے بنانے والے کارٹونسٹ اور ایک صحافی سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔