نئی سیریز پرانے بہانے مصباح پھر بیٹنگ کی ناکامی کا رونا رونے لگے

70،80رنزکم بنائے، ابتدائی10اوورزمیں زیادہ وکٹیں گرنے سے کام خراب ہوگیا، کپتان

بولنگ پروفیشنل اورفیلڈنگ غیرمعمولی تھی (کیوی قائد)عرفان غیرمعمولی بولر ہیں،ایلیوٹ فوٹو: فائل

MULTAN:
نئی سیریز میں پرانے بہانے دہراتے ہوئے مصباح الحق پھر بیٹنگ لائن کی ناکامی کا رونا رونے لگے۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے میچ میں 70، 80 رنز کم بنائے، ابتدائی10اوورزمیں زیادہ وکٹیں گرنے سے کام خراب ہوگیا، کیویز نے اچھی بولنگ کی، شاہد آفریدی کی آل راؤنڈ کارکردگی پر خوشی ہوئی، پریکٹس گیمز سے میری پرفارمنس بھی بہتر ہو گئی ہے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار پہلے میچ میں 7 وکٹ سے شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت میںکیا۔ مصباح نے کہا کہ ہم نے جلد وکٹیں گنوا دیں، ابتدائی دس اوورز میں ہم کہیں بھی نہیں تھے، کیویز کی بولنگ حقیقت میں کافی اچھی تھی۔


ہم کم سے کم 70، 80 رنز پیچھے رہے، اس پچ پر 280، 290 کا ہدف کا بہتر ہوسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اتنی اچھی بیٹنگ اور بولنگ کرتا دیکھ کر کافی خوشی ہوئی، پریکٹس گیمز سے میں بھی خود کو کافی بہتر محسوس کررہا ہوں اور کچھ رنز بنانا بھی شروع کردیے ہیں، مصباح نے کہا کہ2 ماہ بعد کھیل میں واپسی آسان نہیں تھی لیکن خوشی ہے کہ میں نے رنز بنائے، جب آپ کو اس طرح کے ہدف کا دفاع کرنا ہو تو لازمی طور پر وکٹیں گرانے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بعض اوقات اس کوشش میں بہت زیادہ رنز دے بیٹھتے ہیں۔

دوسری جانب فاتح کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے کہا کہ ہماری بولنگ کافی پروفیشنل اور فیلڈنگ غیرمعمولی تھی،سیمرز گیند کو سوئنگ کرنے میں کامیاب رہے اور جب آپ کو محنت کا صلہ ملے تو خوشی دو چند ہوجاتی ہے،گرانٹ ایلیوٹ اور روس ٹیلر کی پارٹنر شپ فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ مین آف دی میچ ایلوئٹ نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ چند وکٹیں لینے میں بھی کامیاب رہا، مجھے عرفان کی بولنگ کا تجربہ نہیں تھا،وہ ایک غیرمعمولی بولر ہیں۔
Load Next Story