آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیکر سہہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کو مین آف دی میچ اور مچل اسٹارک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا


ویب ڈیسک February 01, 2015
آسٹریلیا کے 278 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سہہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں 112 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔


برتھ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں انگلش کپتان ایون مارگن نے ٹاس جیت کر پہلے کینگروز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 39.1 اوورز میں 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 4، مچل جانسن 3، جوش ہیزلیوڈ نے 2 اور جیمز فالکنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔


اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی تو ایرون فنچ بغیر کوئی رنز بنائے پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ کھیل سکے اور 12 رنز بنانے کے بعد 33 کے مجموعے پر جیمز انڈریسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، کپتان جارج بیلی بھی 2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جس کے بعد گلین میکسویل اور اسٹیون اسمتھ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 60 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ 40 رنز بنانے کے بعد معین علی کا شکار بن گئے۔ گلین میکسویل سب سے زیادہ 95، شان مارش 60، بریڈ ہیڈن 9 جب کہ مچل جانسن 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جیمس فالکنر 50 اور مچل اسٹارک صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹارٹ براڈ نے 3، جیمز انڈریسن 2، معین علی اور اسٹیون فن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


آسٹریلیا کے 278 رنز کے جواب میں انگلش بیٹنگ لائنز ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پورے میچ میں کینگروز بولرز چھائے رہے، انگلینڈ کی جانب سے روی بوپارا 33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 26، جائے روٹس 25، جوس بٹلر 17، اسٹارٹ براڈ 24، آئین بیل 8، جیمس ٹیلر 4 اور اسٹیون فن 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مورگن اور کرس ووکس بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹے۔ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کو مین آف دی میچ اور مچل اسٹارک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


واضح رہے کہ سہہ ملکی سیریز میں بھارت پہلے ہی اپنے 4 میچز میں سے 3 میں ناکامی کے بعد باہر ہوچکا تھا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہیں ہوسکا جب کہ انگلینڈ ایک اور آسٹریلیا نے اپنے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں