تفتیشی افسران کی غفلت سے سیکڑوں مقدمات التوا کا شکار

تفتیشی افسران ریمانڈ مکمل کرنے کے بعد چالان جمع کرانے میں تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں۔


Arshad Baig February 02, 2015
جیل حکام ان قیدیوں کو پیشی کیلیے عدالتوں میں بھیجتے ہیں جو مالی فوائد فراہم کرتا ہے، قیدی۔ فوٹو: فائل

پولیس کی غفلت لاپروائی چالان میں تاخیر، جیل حکام کی جانب سے قیدیوں کو پیشی کیلیے نہ بھیجنے کے باعث سیکڑوں مقدمات التوا کا شکار ہوگئے۔

تفتیشی افسران ریمانڈ مکمل کرنے کے بعد چالان جمع کرانے میں تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں اور قانونی تقاضے مکمل نہ ہونے پر سرکاری وکلا کو مقدمات چلانے میں دشواری کا سامنا ہے، جیل حکام ان قیدیوں کو عدالتوں میں بھیجتے ہیں جن قیدیوں سے انھیں مالی فائدہ پہنچتا ہے،ایک قیدی کو 2 ہزار روپے خرچ کرکے عدالت پہنچنا پڑتا ہے لاوارث قیدیوں کو 3 سال گزرجانے کے باوجود عدالتوں میں نہیں بھیجا جاتا، عدالتوں نے سخت نوٹس لیا اور درجنوں قیدیوں کے پی او آرڈر جاری کیے جبکہ تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس متعلقہ ایس ایچ اوز کو عدالتوں میں طلب کرکے انھیں پابند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری وکیل سید شمیم احمد سمیت سرکاری وکلا نے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی اشفاق محمد اعوان اور دیگر عدالتوں میں تحریری شکایت کی تھی کہ پولیس روزانہ کی بنیاد پر درج مقدمے کی نقول عدالتوں کو فراہم نہیں کرتے ، گرفتار ملزمان اور واردات کے جائے وقوع کا معائنہ ، روزنامچہ کی انٹری پولیس فائل میں موجود نہیں ہوتی، وکلا نے درجنوں مقدمات کی فہرست فاضل عدالتوں کو فراہم کی ہے جن میں تفتیشی افسران نے وقت مقررہ گزرجانے کے باوجود پولیس مقابلہ، اقدام قتل، جعلسازی ، زخمی کرنے اور دیگر الزامات میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات میں چالان تاحال جمع نہیں کرائے ہیں۔

پولیس کی غفلت اور لاپروائی سے سیکڑوں مقدمات التوا کے شکار ہیں، قانونی تقاضے مکمل نہ ہونے کے باعث استغاثہ کو معاونت کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا ہے، جس پر فاضل عدالت نے ایس آئی او مولا بخش اور ایس ایچ اوز امجد کیانی سمیت دیگرکو طلب کیا اور سرکاری وکلا کی شکایت پر تنبیہ کی اور ملزمان محمد صدیق ، فضل ،واحد، امتیاز سمیت 17ملزمان کے چالان جمع نہ کرانے پر تھانہ پیر آباد کے روح الدین سمیت دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کیے۔

دوسری جانب جیل حکام کی جانب سے جیل میں پابند سلاسل قیدیوں کو پیشی کیلیے عدالتوں میں پیش نہ کرنے پر ہزاروں مقدمات التوا کا شکار ہیں متعدد بار قیدیوں کے پروڈکیشن آرڈر جاری کیے لیکن جیل حکام نے قیدیوں کو عدالتوں میں بھیجنے سے انکار کردیا، جیل حکام کے انکار پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل جبار ملک ، عبدالقدوس میمن و دیگر سیشن عدالتوں نے پولیس مقابلہ، اقدام قتل، سندھ اسلحہ ایکٹ، قتل کے الزامات میں 2012 ، 2013 اور2014 سے جیل میں پابند سلاسل بختیار، وسیم بلوچ، محمد اعجاز، اعجاز ملک، شہزاد مسیح، ایاز علی، محمد ارشد زیدی ، عاطف خان، محمد امین اور عرفان گبول سمیت 40 سے زائد قیدیوں کے مقدمات التوا کا شکار ہونے پر ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے اور 31 جنوری کو بغیر کسی عذر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا لیکن جیل حکام نے مذکورہ قیدیوں کو پیشی کیلیے عدالتوں میں نہیں بھیجا تھا۔

جیل سے آنے والے قیدیوں کا کہنا تھا کہ جیل حکام ان قیدیوں کو پیشی کیلیے عدالتوں میں بھیجتے ہیں جو مالی فوائد فراہم کرتا ہے ایک قیدی کو 2ہزار روپے خرچ کرکے عدالت میں پہنچتا ہے لاوارث قیدیوں کو 3 برس گزرنے کے باوجود عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاتا ، فاضل عدالتوں نے جیل حکام مذکورہ قیدیوں کے دوبارہ پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں اورجیل سپرنٹنڈنٹس ملیر اور سینٹرل جیل کو قیدیوں کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔