ہاکی کا سنہری دور بہت جلد واپس آئے گا آرمی چیف

اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف چیلنج ہاکی کپ کافائنل دیکھا،انعامات تقسیم کیے


Numainda Express February 02, 2015
نیشنل بینک نے پی آئی اے کو 2-0 سے شکست دی، رضوان سینئر بہترین کھلاڑی قرار۔ فوٹو: فائل

نیشنل بینک آف پاکستان نے چیف آف آرمی اسٹاف چیلنج ہاکی کپ جیت لیا۔ فائنل میں نیشنل بینک نے پی آئی اے کو 2-0 سے شکست دی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد کے ہمراہ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ دیکھا۔ اتوار کو آرمی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیشنل بینک کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں نیشنل بینک کے علی شان نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ دسویں منٹ میں کپتان توفیق احمد نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 2-0 کی برتری دلائی جو آخر تک برقرار رہی۔

پی آئی اے کی ٹیم نے میچ کو برابر کرنے کیلیے بڑی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ میچ میں پی آئی اے کو 11 جبکہ نیشنل بینک کو 4 پینلٹی کارنرز ملے۔ میچ کے اختتام پر آرمی چیف نے نیشنل بینک ، پی آئی اے اور پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں میں میڈلز اور کیش انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کو 10 لاکھ، رنر اپ کو 7 لاکھ اورتیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم پاکستان آرمی کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دیاگیا۔ ایونٹ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے پاکستان آرمی کے محمد عمران کو9 گول اسکور کرنے پر بہترین اسکورر کا ایوارڈ دیا گیا۔

پی آئی اے کے عمران بٹ بہترین گول کیپر جبکہ پاکستان آرمی کے رضوان سینئر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دریں اثنا آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان ہاکی کی بحالی کیلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی بحالی کیلیے تمام کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ قومی ہاکی کے سنہری دن بہت جلد واپس آ جائیں گے اور پاکستان کو عالمی سطح پر کھیلوں سے محبت رکھنے والے ملک کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔