NEW DELHI:
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیموں کی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق ایک روزہ میچز میں آسٹریلیا سرفہرست اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے جب کہ ایک روزہ میچز کے بہترین بولرز کی فہرست میں سعید اجمل پابندی کے باوجود پہلی پوزیشن پر برقرارہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا 120 ریٹنگ کے ساتھ لسٹ میں سرفہرست ہے جب کہ بھارت دوسرے،جنوبی افریقا تیسرے ، سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے اور 96 درجے کے ساتھ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔
بہترین ون ڈے بیٹسمینوں کی فہرست میں پہلی اور دوسری پوزیشنز جنوبی افریقا کے پاس ہے جب کہ ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں میں قومی ٹیم کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ حال ہی میں تیز ترین سنچری بنانے والے اے بی ڈویلیئرز 891 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ ہاشم آملہ 867 پوائنٹس لے کر بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور تلکرانے دلشان بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق 663 پوائنٹس کے ساتھ 15ویں نمبر پر ہیں۔
ایک روزہ میچز میں بہترین بولرز کی فہرست میں پابندی کے شکار پاکستانی جادوگر اسپنر سعید اجمل نہ کھیلنے کے باوجود فہرست میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہیں اسی طرح مشکوک ایکشن کا شکار ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن بھی دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے پیسر ڈیل اسٹین تیسرے نمبر پر ہیں۔